پاکستان

امپورٹڈ حکومت اور ٹاؤٹ عمران خان کے خلاف گھٹیا الزامات سے بازرہیں،قاسم سوری

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے صحافی احمد قریشی کی جانب سے عمران خان پر اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے الزام پر ماضی کے حوالوں کی مدد سے جواب دیدیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق قاسم سوری نے ٹویٹر پراپنے بیان میں قومی اسمبلی میں دی گئی اپنی ایک ماضی کی رولنگ کی ویڈیو اور عمران خان کے بیان سے متعلق خبر کا اخباری تراشہ شیئر کیا جس میں دونوں فلسطین کے تنازعہ کے حل تک اسرائیل سے تعلقات کی بحالی کے امکان کو مسترد کرتے دکھائی دے رہے تھے۔

قاسم سوری نے کہا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے پر عمران خان اور پاکستان تحریکِ انصاف کی حکومت کا موقف پہلے دن سے ہی اٹل تھا اور تا حیات رہے گے کہ “فلسطین کی آزادی تک ہم کبھی بھی اسرائیل کو نہ ہی کوئی ملک تسلیم کریں گے اور نہ ہی اسرائیل سے کبھی کسی قسم کے تعلقات رکھیں گے”۔


انہوں نے مزید کہا کہ تمام پاکستانیوں کا دل قبلہ اول کے ساتھ دھڑکتا ہے، اسرائیل فلسطین پر ناجائز اور غاصبانہ قابض ہے، آج اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ حق و باطل کی اس جنگ میں حکومت اور پاکستانی عوام آزادی اور شہری حقوق کی جدوجہد میں اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔


ماضی کے بیانات کو شیئر کرتے ہوئے قاسم سوری نے کہا کہ میں امپورٹڈ حکومت اور ان کے احمد قریشی جیسے ٹاؤٹوں پر یہ واضح کردینا چاہتا ہوں کہ عمران خان پر گھٹیا قسم کے الزامات اور منفی پراپیگنڈہ سے باز رہیں، عوام آپ کی اصلیت کو اچھی طرح جانتی ہے۔


واضح رہے کہ صحافی احمد قریشی نے اپنے ایک ٹویٹر بیان میں یہ الزام عائد کیا تھا کہ عمران خان اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی کیلئے تیار تھے اور انہوں نے اس کیلئے اپنے خاندانی و ذاتی تعلقات کو استعمال بھی کیا، تاہم ملک میں بیڈ گورننس کے باعث حکومت کے غیر مستحکم ہونے کی وجہ سے انہوں نے فیصلہ تبدیل کرلیا۔

متعلقہ خبریں