اسلام آباد(قدرت روزنامہ)ملک بھر میں بجلی شارٹ فال 5 ہزار میگاواٹ تک پہنچ گیا جس کے بعد مختلف علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 10 گھنٹے سے تجاوز کر گیا .
نجی ٹی وی" دنیانیوز" کے مطابق گرمی کی شدت بڑھنے کے ساتھ ساتھ بجلی کے شارٹ فال میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ، جس کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش کا دورانیہ 10 گھنٹے سے تجاوز کر چکا ہے ، دیہی علاقوں میں 12 سے 14 گھنٹے تک بھی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے .
نجی ٹی وی کے مطابق پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں بجلی کی مجموعی طلب ساڑھے 26 ہزار میگاواٹ ہے جبکہ ملکی پیداوار ساڑھے اکیس ہزار میگاواٹ ہے ،ا س طرح کم از کم 5 ہزار میگاواٹ کے شارٹ فال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے .
سرکاری تھرمل پلانٹ صرف 960 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں ، پن بجلی ذرائع سے 5ہزار 90 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے جبکہ نجی پاور پلانٹس 12 ہزار 578 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں .