پاکستان

وزیر اعظم کا سائینو ویک کی سرمایہ کاری پیشکش کا خیر مقدم

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ چینی کمپنی سائینو ویک کی پاکستان میں سرمایہ کاری کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہیں۔چینی کمپنی سائینو ویک کے وفد نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ، اس موقع پر وفاقی وزیرِ صحت عبدالقادر پٹیل اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
وزیراعظم کو ملاقات میں سائینو ویک کی طرف سے پاکستان کو دی گئی ویکسین سے متعلق بریفنگ دی گئی اور کمپنی کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کرکے جوائنٹ وینچر بنانے میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔


شہباز شریف نے کہا کہ حکومت چینی کمپنی کے ساتھ سرمایہ کاری سےمتعلق ہر قسم کا تعاون کرے گی، ملک میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری بڑھانا حکومت کی اولین ترجیحات میں ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کورونا کے دوران چینی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔اس موقع پر وزیراعظم نے وفاقی وزیرِ صحت کو فوری طور پر ایک ٹاسک فورس بنانے کی ہدایات کردی۔

متعلقہ خبریں