سیکریٹری بلدیات بلوچستان کو کرپشن کے الزام میں 5 سال قید کی سزا
کوئٹہ (قدرت روزنامہ)عدالت نے سیکریٹری بلدیات بلوچستان عمران گچکی کو آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے پر پانچ سال قید اور 8 کروڑ روپے جرمانے کی سزا سنادی۔
گریڈ 20 کے افسرعمران گچکی کے خلاف سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی کے پرسنل سیکریٹری کی حیثیت سے آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے پر نیب نے ریفرنس دائر کرکھا تھا۔
احتساب عدالت 3 کوئٹہ کے جج آفتاب لون نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے سیکریٹری بلدیات بلوچستان عمران گچکی کو پانچ سال قید اور 8 کروڑ روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔
عدالت نے کروڑوں روپے مالیت کی قیمتی جائیدادیں، نقد رقم اور سونا بھی بحق سرکار ضبط کرنے کا حکم دیا ہے۔عدالت کے حکم پر سیکرٹری بلدیات کو گرفتار کر کے جیل منتقل کردیا گیا ہے۔