سی پیک منصوبہ کسی بیرونی سازش کا شکار نہیں ہونے دیں گے ، وزیر داخلہ

راولپنڈی(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ داسو ہائیڈرو پاور بس حادثہ سے متعلق جاری تحقیقات کو جلد سے جلد مکمل کرلیا جائے گا ، سی پیک منصوبہ کسی بیرونی سازش کا شکار نہیں ہونے دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں تعینات چینی سفیر نونگ رونگ نے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ، جہاں دونوں رہنماؤں کے مابین پاک چین دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ، اس موقع پر داسو ہائیڈرو پاور بس حادثہ سے متعلق جاری تحقیقات پر بھی بات چیت ہوئی اور واقعے کی تحقیقات جلد مکمل کرنے پر اتفاق ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا کہ چینی شہریوں اور پاکستان میں کام کرنے والی چینی کمپنیوں کی سکیورٹی کو فُول پروف بنائیں گے ، پاکستان چائنا اکنامک کوریڈور منصوبہ کسی بیرونی سازش کا شکار نہیں ہونے دیں گے، پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات میں کوئی طاقت رکاوٹ نہیں بن سکتی۔

اس موقع پر چین کے سفیر نونگ رونگ نے کہا کہ پاکستان میں بہت سی چینی کمپنیاں مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہیں ، چینی شہریوں کو سہولیات پر وزرات داخلہ کا مشکور ہوں۔
دوسری طرف ملک کی موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر لاہور میں چینی باشندوں کی سکیورٹی بہتر بنانے کیلئے اقدامات جاری ہیں اوراس ضمن میں پولیس نے چینی باشندوں کی رہائشگاہوں اور دفاترکی جیو ٹیگنگ کا فیصلہ کیا ہے ، لاہور پولیس کے مطابق شہر میں چینی باشندوں کی رہائش گاہوں اور دفاترکی کولیکشن ڈویژنل ایس پیز کے دفاتر اور سیف سٹی کے پاس ہوگی۔
بتایا گیا ہے کہ جیو ٹیگنگ سے ایمرجنسی کی صورت میں پولیس کو موقع پر پہنچنے میں آسانی ہوگی ، سیکورٹی کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر لاہور پولیس چین کے باشندوں کی سکیو رٹی پلان ازسر نو ترتیب دے رہی ہے ، چین کے شہریوں کی حفاظت لاہور پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ واضح رہے کہ کچھ روز قبل سی پیک منصوبے پر کام کرنے والے چینی شہریوں پر داسو میں حملہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں کئی چینی شہری ہلاک ہو گئے تھے ، اس حملے کے بعد سے ملک بھر میں چینی شہریوں کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔