اقوام متحدہ کیلیے میانمار کے سفیر کے قتل کے 2 منصوبہ ساز گرفتار

نیویارک (قدرت روزنامہ) امریکا میں میانمار کے اقوام متحدہ کے سفیر کو قتل کرنے کی سازش تیار کرنے کے الزام میں 2 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نیو یارک میں میانمار کے دو شہریوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ گرفتار ہونے والے افراد پر میانمار کے اقوام متحدہ کے لیے سفیر کیو مو تون کو قتل کرنے کی سازش کا الزام ہے۔

امریکی اٹارنی کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فیو ہین ہٹ اور یے ہین زاو نے سفیر کیو مو تون کو قتل یا ڈرانے دھمکانے کے لیے اجرتی قاتلوں کی خدمات حاصل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا تاکہ کیو مو تون مستعفی ہوجائیں گے۔گرفتار ہونے والے قتل کے منصوبہ سازوں نے اجرتی قاتل کو ایک ایپ کے ذریعے 20 ہزار ڈالر بطور پیشگی ادائیگی منتقل کیے تھے۔ حراست میں لیے گئے افراد کو آج نیویارک کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

گرفتار ہونے والے دونوں افراد میانمار کے فوجی حکمرانوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے آئے ہیں اور یکم فروری کو ہونے والی فوجی بغاوت کے شدید مخالف ہیں جس کے نتیجے میں میانمار کی سیاسی حکمراں آنگ سان سوچی کو گرفتار کرکے جمہوری حکومت کا تختہ الٹ دیا گیا تھا۔

سفیر کیو مو تون کی قتل کی سازش کے الزام میں گرفتار ہونے والے دونوں افراد کے حوالے سے میانمار کی فوجی حکومت کی جانب سے تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے۔