دوبارہ لانگ مارچ کی ضرورت نہیں پڑے گی ،شیخ رشید نے بڑا دعویٰ کر دیا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومتی پارٹی کی کوئی حیثیت نہیں‘ ایک ووٹ کی حکومت ہے جو منٹ میں ختم ہوسکتی ہے ، دوبارہ لانگ مارچ کی ضرورت نہیں ہوگی اور چند دنوں میں مثبت حل نکل آئے گا ۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں کارکنوں کو روکا گیا، کہتے ہیں لوگ کدھر ہیں، کیسے آتے جب ہر طرف رکاوٹیں تھیں ، کہا تھا لانگ مارچ خونی ہوگا ، 5 افراد جاں بحق ہوئے،

زمینی حقائق بدلے ہوئے ہیں ، لوگوں کی آنکھوں میں خون ہے ، بہتر ہے معاملات صلح صفائی سے طے پاجائیں، حکومتی پارٹی کی کوئی حیثیت نہیں ہے ، یہ ایک ووٹ کی حکومت ہے جو منٹ میں ختم ہوسکتی ہے۔ سابق وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ مذاکرات کے لیے اور بھی سارے لوگ ہوتے ہیں ، اب لوگوں کو متحرک کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی ، حکومت فیصلے تو انگلینڈ سے ہی لیتی رہی لیکن وہ بھی کیا مشورہ دیں گے کیوں کہ نواز شریف اگر باہمت یا بہادر ہوتے تو انہیں اس وقت پاکستان میں ہونا چاہیے تھا لیکن نواز شریف نے لندن سے سازش تیار کی۔

ادھر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے نئے الیکشن کے اعلان کے لیے حکومت کو 6 روز کا الٹی میٹم دے دیا ، جناح ایونیو اسلام آباد پر لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ 6روز میں الیکشن کا اعلان نہ کیا تو ساری قوم کو لے کر اسلام آباد آؤں گا ، 30 گھنٹوں میں کنٹینر پر پشاور سے یہاں پہنچا ہوں، راستے میں آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی،

چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا ، آزادی کی تحریک کو ناکام بنانے کے لیے ہر قسم کا طریقہ استعمال کیا گیا لیکن 30 گھنٹے میں دیکھا کہ قوم غلامی کے خوف سے آزاد ہو گئی ہے، جس طرح آزادی کی تحریک کے شرکاء نے آنسو گیس شیلنگ کا مقابلہ کیا اس کی مثال نہیں ملتی۔