روز مرنےسے بہتر ہے کہ ۔۔۔۔وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ کا پیٹرول مہنگا ہونے پر ردعمل

سیالکوٹ(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہےکہ پیٹرول کی قیمت 30 روپےبڑھانے کا مشکل فیصلہ کیا لیکن روز روز مرنے سے بہترہے غلطی کی تصحیح کی جائے۔سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران خان جوبھی کال دیتے رہے مجھے کوئی پرواہ نہیں لیکن پورے صوبے میں انتشارپیدا کیا گیا، جلاو گھیراؤ کیا گیا اور آگ لگائی گئی ، پولیس اوررینجرزاہل کاروں کوبھی زخمی کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ڈالر بےقابو ہوگیا ہے اور معاشی ساکھ داو پرلگی ہوئی ہے، پیٹرول کی قیمت 30 روپےبڑھانے کا مشکل فیصلہ کیا،

بہت جلد گھی اورچینی کے لیے پیکج لے کر آرہے ہیں جب کہ 10 کلوآٹے کے تھیلے کی قیمت میں 160 روپےتک کمی کردی ہے۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھاکہ روز روز مرنے سے بہترہے غلطی کی تصحیح کی جائے، لوگوں کو احساس ہو گا کہ یہ فیصلہ دل پر پتھر رکھ کر کیا، عمران خان نےکسی کو اعتماد میں لیے بغیرپیٹرول مصنوعات کی قیمتیں کم رکھی تھیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم آج قوم سے خطاب کریں گے جس میں وہ عوام کوسہولتیں فراہم کرنے کا اعلان بھی کریں گے۔