کورونا ویکسین کی دوسری خوراک کم وقت کے وقفے کے بعد لگوائی جا سکتی ہے : ڈاکٹر فیصل سلطان

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے کورونا وائرس سے تحفظ فراہم کرتی ویکسین کی دوسری خوراک کے وقت کی تفصیلات سے آگاہ کردیا ۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بتایا ہے کہ کورونا ویکسین کی دوسری ڈوز کیلئے ایس ایم ایس کے انتظار کی ضرورت نہیں، دوسری خوراک کم سے کم تین ہفتوں بعد لگوائی جا سکتی ہے ۔ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہاکہ سائنو فام تین ہفتے کے بعد جبکہ سائنو ویک ، آسٹرازینکا چار ہفتے کے وقفے کے بعد لگو ائی جا سکتی ہے ۔


خیال رہے کہ پاکستان میں اس وقت انسداد کورونا کی چینی ویکسین کے علاوہ ایسٹرازینیکا ، ، کینسینو اور فائزر بھی استعمال کی جارہی ہے۔ ملک بھر میں40 سال سے زائد عمر افراد کی ویکسینیشن کا آغاز3 مئی سےہوا تھا ۔ملک بھر میں کو رونا وائرس کے خلاف ویکسین لگوانے والے افراد کی تعداد تین کروڑ سے تجاوز کرگئی ہے۔