گوجرانوالہ، وین میں آگ لگنے کی اہم وجہ سامنے آ گئی
گوجرانوالہ (قدرت روزنامہ)اوگرا اور دیگر اداروں کی جانب سے گوجرانوالہ میں حادثے کا شکار بدقسمت وین میں سلنڈر پھٹنے کے حادثے کی ابتدائی رپورٹ تیار کر لی گئی ہے جس کے بعد وین میں آگ لگنے کی بڑی وجہ سامنے آ گئی ہے۔یاد رہے کہ گوجرانوالہ میں مسافر وین میں گیس سلنڈر پھٹنے سے تین بچوں سمیت دس افراد جھلس کر جاں بحق ہو گئے تھے۔
ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق وین میں ایک نہیں دو سیلنڈر لگے ہوئے تھے، وین میں غیر معیاری سیلنڈرز کا استعمال کیا گیا تاہم گاڑی میں موجود دونوں سیلنڈرز کے ٹینک درست حالت میں ہیں۔ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق وین کو پیچھے سے ٹکر لگی تو ایک سیلنڈر کی نوزل کھل گئی تھی، سیلنڈر کی نوزل کھلنے سے گیس گاڑی میں پھیلی اور آگ لگ گئی۔
رپورٹ کے مطابق گاڑیوں میں سی این جی سیلنڈرز میں ایل پی جی کا استعمال بھی کیا جا رہا ہے۔رپورٹ میں کمرشل گاڑیوں کو سرٹیفکیٹ دینے کا عمل شفاف بنانے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔واضح رہے کہ کمرشل گاڑیوں پر ایل پی جی اور سی این جی کے استعمال پر پابندی ہے۔