شاہین شاہ کا نیا ہیئر کٹ سب کی توجہ کا مرکز بن گیا

کراچی (قدرت روزنامہ)قومی فاسٹ بولر شاہین شاہ کا نیا ہیئر کٹ سب کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے جس میں وہ ایک مختلف انداز میں نظر آرہے ہیں۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بولر اور پی ایس ایل فرنچائز لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی گذشتہ روز لاہور قلندرز کی پریس کانفرنس کے دوران ایک نئے ہیئر کٹ کے ساتھ مختلف انداز میں نظر آئے ہیں۔
شاہین شاہ کے نئے ہیئر کٹ نے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی ہے جبکہ وہ نئے ہیئر اسٹائل میں کافی خوبصورت بھی دکھائی دے رہے ہیں۔گذشتہ روز پریس کانفرنس کے دوران ایک صحافی نے ان سے ہیئر کٹ سے متعلق سوال کیا کہ، آپ نے یہ کس سے متاثر ہوکر ہیئر اسٹائل کو بدلہ ہے؟
صحافی کے سوال کے جواب میں قومی فاسٹ بولر نے ہنسنتے ہوئے جواب دیا کہ ’کوئی بات نہیں اگر آپ کو پسند نہیں آیا تو میں اگلی مرتبہ گنجا ہوکر آجاؤں گا‘۔شاہین کا جواب سن کر پریس کانفرنس میں موجود لاہور قلندرز کے ثمین رانا اور عاطف رانا بھی ہنس پڑے جبکہ شرکاء بھی قہقے لگانے پر مجبور ہوگئے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز لاہور قلندرز نے پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت منتخب ہونے والے کھلاڑیوں کا اعلان کیا ہے۔اس پروگرام کے تحت 22 کھلاڑیوں کو اسکالرشپ دی جائیں گی جن میں سے 19 کھلاڑیوں کا انتخاب کرلیا گیا ہے تاہم 3 کھلاڑیوں کا انتخاب ہونا ابھی باقی ہے۔
یاد رہے کہ لاہور قلندرز نے اسکالرشپ دینے والے کھلاڑیوں میں سے 5 کھلاڑیوں کو شاہین شاہ کے والد کے نام پر اسکالر شپ دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔فرنچائز کے اس اقدام پر شاہین شاہ نے شکریہ ادا کرتے ہوئے انتظامیہ کا ایک بڑا اقدام قرار دیا تھا جبکہ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ اس سے ابھرتے ہوئے کرکٹرز کو اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے اور اعلیٰ سطح پر آنے میں مدد ملے گی۔