دعا زہرہ کی شوہر کیساتھ سالگرہ کی ویڈیو منظر عام پر آنے پر لڑکی کے والد کا موقف بھی سامنے آگیا

کراچی(قدرت روزنامہ) کراچی سے لاہور آکر شادی کرنے والی دُعا زہرا کی شوہر ظہیر احمد کے ساتھ اپنی سالگرہ منانے کی ویڈیو پر والد کا بیان سامنے آگیا۔
دُعا زہرا کے والد مہدی کاظمی نے کہا کہ ’میری بیٹی کی سالگرہ 27 اپریل کو تھی اور مجھے نہیں معلوم کہ یہ ویڈیو کب کی ہے لیکن ویڈیو وائرل کرنے کا مقصد کیس کا دھیان دوسری جانب موڑنا ہے،مجھے بہت سے لوگوں نے یہ بھی کہا کہ بچی کے ٹیسٹ کروائے جائیں تاکہ بچی کی ذہنی حالت معلوم ہوسکے،میری بیٹی اُن کے قبضے میں ہے اور وہ خدا نخواستہ کسی بھی طرح کی ویڈیو بناکر اپ لوڈ کرسکتے ہیں۔‘
دُعا کے والد نے کہا کہ ’جس خاتون نے یہ ویڈیو شیئر کی اُسے سوچنا چاہیے تھا کہ وہ 13 سال کی بچی کی شادی کی حمایت کررہی ہے، اگر ظہیر احمد کے گھر والے اتنے سچے ہیں تو عدالت آئیں، سامنا کریں، عدالت میری خریدی ہوئی نہیں ہے جو میرے مطابق فیصلہ کرے گی۔‘واضح رہے کہ گزشتہ روز دُعا زہرا کی شوہر ظہیر احمد کے ساتھ اپنی سالگرہ منانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔