کون بنے گا نیا چیئرمین نیب؟ اتحادی جماعتوں نے نام فائنل کر لیا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) حکومتی اتحادی جماعتوں کی جانب سے چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) کا نام فائنل کر لیا گیا۔ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی جگہ نئے چیئرمین نیب کا نام حکومتی اتحاد نے فائنل کر لیا۔ سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر کے نام پر حکومتی اتحادی جماعتوں میں آپس میں اتفاق کیا گیا ہے۔
مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور دیگر اتحادی جماعتوں کے مابین نئے چیئرمین نیب کے نام پر مشاورت ہوئی جس میں جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر کے نام پر اتفاق کیا گیا۔ سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے بھی اس نام پر اتفاق کیا۔
ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے منحرف رکن راجہ ریاض بھی جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر کے نام پر اتفاق کریں گے اور جس کے بعد قوی امکان ہے کہ وہی نئے چیئرمین نیب ہوں گے۔
واضح رہے کہ جسٹس (ر) مقبول باقر سندھ ہائی کورٹ سے سپریم کورٹ میں پروموٹ ہوئے تھے اور ان کے بطور جج کردار پر کبھی کوئی اعتراض نہیں ہوا۔موجودہ چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کے عہدے کی مدت 2 جون کو ختم ہو جائے گی اس لیے نئے چیئرمین نیب کی تعیناتی اس سے قبل ہی ہونے کا امکان ہے۔