عفت عمر کا پی ٹی آئی کی سپورٹر ہونے کا انکشاف

لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف اور عمران خان پر کڑی تنقید کرنے والی اداکارہ و میزبان عفت عمر نے ماضی میں پی ٹی آئی کی سپورٹر ہونے کا انکشاف کیا ہے۔ اداکارہ عفت عمر نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطورِ مہمان شرکت کی جس کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے۔
وائرل ویڈیو کلپ میں عفت عمر کو یہ کہتے ہوئے سُنا جاسکتا ہے کہ وہ ماضی میں پاکستان تحریک انصاف کی بہت بڑی سپورٹر تھیں۔عفت عمر نے کہا کہ بعد میں پی ٹی آئی کی حرکتوں سے معلوم ہوا کہ اس جماعت میں کچھ بھی نہیں ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے کچھ کیا نہیں بلکہ صرف باتیں کی ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل عفت عمر نے عمران خان کے فالوورز پر مریم نواز کے بارے میں دیے گئے بیان پر اپنے لیڈر کی حمایت کرنے پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔
عفت عمر کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ وہ عمران خان کے مریم نواز کے بارے میں دیے گئے بیان پر بالکل بھی سرپرائز نہیں ہوئیں لیکن اُنہیں غصّہ بہت ہے۔اُنہوں نے کہا تھا کہ وہ ہر دفعہ عمران خان کے بارے میں یہی سوچتی ہیں کہ عمران خان اب اس سے زیادہ اور کونسی گھٹیا بات کرسکتے ہیں لیکن وہ کبھی ہمیں سرپرائز دینا بند نہیں کرتے۔