اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ایک لوٹے کو ڈمی اپوزیشن لیڈر بنا کر چیئرمین نیب کی تعیناتی کا پراسیس کیا جا رہا ہے .
اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جو مقدمات کیے گئے ہیں یہ تو لیگل پراسس ہے چلتا رہے گا، اسلام آباد میں بھی ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں .
انہوں نے کہا کہ ملک کے مسائل زیادہ گھمبیر ہیں، مہنگائی کا ایک طوفان ملک میں آگیا ہے مزید آنے والا ہے .
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت نے ای سی ایل سے نام نکالے، پراسیکیوٹرز اور تفتیشی ٹیمیں تبدیل کی گئیں، حکومت کی تمام تر توجہ اپنے کیسز کی طرف ہے . پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ حکومت کو عوامی حمایت حاصل نہیں جس سے معاملات مزید خراب ہوں گے .
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کا ووٹ کا حق ختم کیا گیا، حکومت اب چیئرمین نیب لگانے جارہی ہے . اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ایک لوٹے کو ڈمی اپوزیشن لیڈر بنا کر چیئرمین نیب کی تعیناتی کا پراسیس کیا جا رہا ہے .
ان کا کہنا تھا کہ جسٹس (ر) مقبول باقر معقول آدمی ہیں، امید ہے وہ اس پراسیس کا حصہ نہیں بنیں گے . فواد چوہدری نے کہا کہ فی الحال پارٹیوں کے اندر سے آوازیں اٹھنا شروع ہو گئی ہیں کہ الیکشن ہونے چاہئیں . حکومت کی حکمت عملی سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ مجھے لگتا ہے کہ یہ مزید سیاسی غلطیاں کریں گے .