شرافت کا فائدہ نہ اٹھائیں اور پیسے پورے دیں ۔۔ فیصل قریشی پیسے پورے نہ ملنے پر غصہ ہوگئے

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)شوبز انڈسٹری بظاہر جتنی پرکشش اور چمکتی دمکتی دکھائی دیتی ہے ویسی حقیقت میں نہیں۔ ڈرامہ رائٹرز اور چھوٹے موٹے اداکار تو پیسے کم ملنے اور اپنی محنت کا صلہ نہ دیے جانے پر شکایت کرتے تو نظر آتے ہی تھے لیکن حال ہی میں انڈسٹری کے پرانے اور منجھے ہوئے اداکار فیصل قریشی نے بھی اس بات پر آواز اٹھائی ہے۔
فیصل قریشی کا چیک باؤنس ہوگیا
مشہور اداکار فیصل قریشی اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر لکھتے ہیں کہ “دیکھو بھائی پھر شکایت نہ کرنا، آپ کے پروڈکشن ہاؤس کا باؤنسڈ چیک بھی ہے میرے پاس اب۔ شرافت کا فائدہ نہ اٹھائیں اگلا اسٹیٹس ناموں کے ساتھ اور کچھ قانونی کارروائی بھی۔ جو میرا حق ہے”


رنگت پر اداکاروں کی تضحیک کرنے والا چینل
اسٹیٹس میں واضح طور پر لکھا ہوا ہے کہ فیصل کسی پروڈکشن ہاؤس کی جانب سے چیک باؤنس ہونے کی شکایت کررہے ہیں اور کافی غصے کا شکار ہیں۔ اتنا ہی نہیں فیصل قریشی کے پچھلے کچھ اسٹیٹس پر کسی مخصوص چینل پر بھی تنقید کی گئی۔ فیصل لکھتے ہیں” افسوس اس بات کا ہے کہ نئے بچوں کی حوصلہ افزائی کرنے کے بجائے انھیں ان کی رنگت کی وجہ سے مایوس کردیا جاتا ہے” اس کے ساتھ انھوں نے یہ بھی لکھا کہ یہ بات کسی ایک چینل کے لیے لکھی گئی ہے جس کا معیار ہی یہی ہے۔


فیصل قریشی کی عوام میں مقبولیت
فیصل قریشی پاکستان کی ڈرامہ انڈسٹری کا بڑا نام ہیں اور کسی قسم کی متنازعہ کنٹروورسی کا حصہ بھی نہیں رہے جس کی وجہ سے عوام انھیں بے حد محبت اور عزت دیتی ہے۔ فیصل کی جاندار اداکاری نے کئی ڈراموں کو شائقین کے لئے ناقابل فراموش بنا دیا ہے جن میں لوگ کیا کہیں گے، خلش اور میری ذات زرہ بے نشاں جیسے کئی ڈرامے شامل ہیں۔ یہ انتہائی افسوسناک بات ہے کہ ان جیسے اداکار کو بھی ن کی جائز کمائی کے پیسوں کے لیے آواز اٹھانے پر مجبور کیا جارہا ہے۔