حکومت کا مسئلہ اب لوڈ شیڈنگ نہیں بلکہ اپنے کیس ختم کروانا ہے، شیخ رشید

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق وفاقی وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ حکومت کا مسئلہ اب لوڈ شیڈنگ نہیں بلکہ اپنے کیس ختم کروانا ہے .
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ ٹوئٹ پیغام میں سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے لکھا کہ بہت جلد صدر حکومت سے اعتماد کے ووٹ کے لیے کہے گا، 1 ووٹ کی اکثریت پر قائم حکومت کسی وقت بھی دھڑم سے گرجائے گی .


جاری کردہ ٹوئٹ پیغام میں شیخ رشید لکھتے ہیں کہ ایک ووٹ کی اکثریت صرف غلامی کے سامراجی فیصلوں پر عمل در آمد کے لیے دی گئی ہے اور 1 ووٹ کی اکثریت والی حکومت 22 کروڑ لوگوں کی ترجمانی نہیں کرسکتی .
شیخ رشید نے کہا کہ اب حکومت کا مسئلہ 8 سے 12 گھنٹے لوڈ شیڈنگ نہیں ہے بلکہ اپنے کیس نیب، ایف آئی اے اور اے این ایف سے ختم کروانا ہے، جس پر تیزی سے کام ہو رہا ہے .
انہوں نے لکھا کہ ابھی پٹرول اور بجلی میں اضافے کی پہلی قسط آئی ہے، 5 سے 25 جون تک دوسری قسط بھی آ جائے گی لوگ خود سڑکوں پر آئینگے اور غلامی کی زنجیریں توڑیں گے .
سابق وفاقی وزیر اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ جو شہباز شریف 50 روپے عدالتی اسٹامپ کی گارنٹی پر 4 سال میں اپنے بھائی کو واپس نہ لا سکا وہ قوم کو کیا دے گا . انہوں نے مزید لکھا کہ اوورسیر پاکستانیوں کو سیاست اور ووٹ سے دور رکھنا قومی بددیانتی ہے، ان کے حق کے لیے میں سپریم کورٹ جارہا ہوں .

. .

متعلقہ خبریں