بلوچستان میں بلدیاتی الیکشن، آزاد امیدواروں کا پلڑا بھاری،1487 نشستوں پر کامیاب

کوئٹہ(قدرت روزنامہ) بلوچستان کے 32 اضلاع میں بلدیاتی الیکشن کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے، آزاد امیدواروں نے 1487 نشستوں پر کامیابی حاصل کر لی۔
تفصیلات کے مطابق 5345 وارڈز میں سے1728کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج سامنے آ گئے ہیں، جے یو آئی 260 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، دیگر جماعتوں میں بی اے پی نے 213، نیشنل پارٹی 100، بی این پی کی 79 اور پیپلز پارٹی 47 نشستوں پر کامیاب ہوئی ہے۔ گوادر میں حق دو تحریک نے 26 نشستیں حاصل کی ہیں، نون لیگ، پی ٹی آئی اور دیگر جماعتوں نے بھی انتخابات میں حصہ لیا۔
گذشتہ روز پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی، اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ بلوچستان میں 9 سال بعد بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیا گیا ، 32 اضلاع میں ووٹنگ کے دوران لڑائی جھگڑوں کے واقعات بھی پیش آئے جن میں ایک شخص جاں بحق اور 16 زخمی ہوئے۔ باقی 2 اضلاع کوئٹہ اور لسبیلہ میں انتخابات کے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، صوبائی حکومت کی جانب سے حلقہ بندیوں میں اضافے کے بعد وہاں انتخابات کی حلقہ بندی جاری ہے۔