ملک کی حقیقی آزادی کی جنگ کو جہاد سمجھیں، عمران خان

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ ملک بچانے کو جہاد سمجھیں، یہ حقیقی آزادی کی جنگ ہے۔پشاور میں وکلاء کنونشن سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ ہماری حکومت کو کرپشن کی نہیں بلکہ سازش کے تحت گرایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت گرانے کے خلاف پاکستان کی تاریخ میں کبھی ایسی پبلک نہیں نکلی، جیسے ہمارے حق میں نکلی، سازش کرنے والے خود دنگ رہ گئے کہ یہ لوگ کیسے ہمارے حق میں نکلے۔
پی ٹی آئی سربراہ نے مزید کہا کہ میں نے کہا تھا دوستی سب سے کریں گے، امن میں آپ کا ساتھ دیں گے، جنگ میں کسی کا ساتھ نہیں دیں گے۔اُن کا کہنا تھاکہ میں کیوں دوں امریکا کو اڈے؟ جب ہم ان کے ساتھ تھے، ہم نے اپنے 80 ہزار لوگ شہید کروائے تو واشنگٹن نے ہمارا شکریہ ادا نہیں بلکہ افغانستان کی ناکامی کا ملبہ بھی ہم پر ڈال دیا۔
عمران خان نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان کی خارجہ پالیسی آزاد ہے، انہوں نے کبھی کسی کی جنگ میں شرکت نہیں کی، کسی سے خراب تعلقات نہیں چاہتے ، لیکن کبھی کسی کی غلامی نہیں کریں گے۔