روٹی بچپن کھاگئی۔۔۔ دو وقت روٹی کیلئے خود کو اذیت دینے والے بچوں کو دیکھ کر آپ کی بھی آنکھیں بھیگ جائیں

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)غربت انسان کو اکثر انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور کردیتی ہے، کچھ لوگ بھوک کو جواز بناکر لوٹ مار شروع کردیتے ہیں تو کچھ اپنی مجبوری کا رونا روکر ہاتھ پھیلا دیتے ہیں لیکن کچھ لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں جو بھیک مانگنے کے بجائے ایسے کام کرتے ہیں کہ دیکھنے والے ان کے فن کو دیکھ کر خود بخود پیسے دینے پر مجبور ہونے کے ساتھ ساتھ غمگین بھی ہوجاتے ہیں۔
اکثر ہمارے گلی محلوں میں مداری کہیں بندر، کہیں ریچھ تو کہیں بچوں سے مختلف کرتب کرواکر دووقت روٹی کا انتظام کرتے ہیں، اس ویڈیو میں بھی ایک بچہ خود کو آہنی کڑے میں پھنسارہا ہے جبکہ ایک بچی اپنی گردن اور کمر کو خم دے کر لوگوں کو متاثر کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
خانہ بدوش اور غریب محنت کش آج سے نہیں بلکہ کئی برسوں سے لوگوں کو کبھی سروں پر لمبی آہنی راڈز، کبھی زبان کاٹ کر، کبھی دانتوں سے ٹیوب لائٹ چباکر تو کبھی طرح طرح کے کرتب دکھا کر اپنے لئے دو وقت روٹی کا انتظام کرتے رہے ہیں۔
دنیا میں اس وقت 70 کروڑ کے قریب لوگ بھوک کا شکار ہیں اور آنیوالے سالوں میں غربت کی وجہ سے روٹی کا حصول مزید مشکل ہوتا دکھائی دیتا ہے۔

چھوٹے چھوٹے معصوم بچوں کو روٹی کیلئے اپنی جان جوکھم میں ڈالتا دیکھ کر شائد یہ شعر صادق آتا ہے”روٹی بندہ کھا جاندی اے ” اور یہ ویڈیو دیکھ کر بھی یوں محسوس ہوتا ہے کہ شائد روٹی ان معصوم بچوں کا بچپن کھاگئی ہے۔