لاہور(قدرت روزنامہ) وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے . وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا .
وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا کہ امن و امان کی فضا کو ہرصورت برقرار رکھا جائے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے . کسی گروہ یا جتھے کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی .
انہوں نے کہا کہ 25 مئی کو قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے جبکہ پنجاب پولیس نے قانون کے نفاذ کے لیے پیشہ وارانہ انداز میں فرائض ادا کیے . امن عامہ قائم رکھنے کے لیے پنجاب پولیس کی مکمل سپورٹ جاری رکھیں گے .
حمزہ شہباز نے کہا کہ صوبے کے عوام کے جان ومال کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے جسے ہر صورت نبھائیں گے . وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کو چونیاں زیادتی کیس کے حوالے سے بریفنگ دی گئی . اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ چونیاں کیس کو جلد منطقی انجام پر پہنچایا جائے اور تفتیش کو ڈی این اے سمپلز اور سائنٹفک انداز سے تیزی سے آگے بڑھایا جائے .