لانگ مارچ میں توڑ پھوڑ : پی ٹی آئی رہنماؤں کا گرفتاری سے بچنے کیلئے ضمانتیں لینے کا سلسلہ جاری

لاہور(قدرت روزنامہ) تحریک انصاف کے رہنماؤں یاسمین راشد ،محمود الرشید ،عندلیب عباس ،مراد راس نے عبوری ضمانت دائرکردی، جس میں کہا گیا کہ پولیس نے جھوٹا اور بے بنیاد مقدمہ درج کیا۔
تفصیلات کے مطابق لانگ مارچ میں توڑ پھوڑ ،پولیس تشدد،سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے مقدمے میں پی ٹی آئی رہنماؤں کا گرفتاری سے بچنے کیلئے ضمانتیں لینے کا سلسلہ جاری ہے۔
یاسمین راشد ،محمود الرشید ،عندلیب عباس ،مراد راس نے عبوری ضمانت دائرکردی ، سیشن عدالت میں دائر درخواست میں کہا گیا کہ پولیس نے لانگ مارچ کے دوران بدترین تشدد کیا۔درخواست میں استدعا کی کہ پولیس نے جھوٹا اور بے بنیاد مقدمہ درج کیا ،عدالت ضمانت منظور کرے۔گذشتہ روز تھانہ شفیق آباد نے لانگ مارچ کے دوران پولیس کے تشدد کیخلاف ڈاکٹر یاسمین راشد کی درخواست لینے سے انکار کردیا تھا۔
یاسمین راشد کی جانب سے درخواست میں رانا ثنا اللہ ،ایس پی سٹی کو نامزد کیا گیا اور کہا گیا تھا کہ عمران خان کی کال پر پرامن احتجاج کیلئے اسلام آباد جا رہے تھے، پولیس نے میری گاڑی کو توڑا اور مجھ پر بھی تشدد کیا۔ایس ایچ او تھانہ شفیق آباد کا کہنا تھا کہ یاسمین راشد پر پہلے ہی تشدد ،توڑ پھوڑپرریاست کی مدعیت 2مقدمات درج ہیں، مقدمات میں یاسمین راشد شامل تفتیش ہوجائیں۔