لاہور(قدرت روزنامہ) تیل،گیس اور کوئلے کی شدید قلت کے باعث ملک میں توانائی کا بحران شدت اختیار کر گیا . ذرائع کے مطابق ملک بھر میں توانائی کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے اور گرم موسم کے باعث بجلی کی طلب ریکارڈ سطح پر جا پہنچی .
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں بجلی کا شارٹ فال سات ہزار میگاواٹ سےتجاوز کرگیا ہے اس وقت بجلی کی طلب 28350 میگاواٹ ہے جبکہ بجلی کی رسد 21350 میگاواٹ کے لگ بھگ ہے،تیل،گیس اورکوئلے کی قلت شدید ہوگئی ہے اور تیل وگیس پر چلنے والے متعدد پلانٹس بند ہیں .
ذرائع کےمطابق پن بجلی سے 4 ہزار 635 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے اور سرکاری تھرمل پاور پلانٹس ایک ہزار 60 میگاواٹ بجلی بنا رہے ہیں جب کہ آئی پی پیز سے 9 ہزار 677 میگاواٹ بجلی حاصل کی جا رہی ہے . لیسکو ریجن میں بجلی کا شارٹ فال آٹھ سو میگاواٹ تک جاپہنچا ہے، جس کے نتیجے میں مختلف شہروں میں دس سے بارہ گھنٹےکی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے .
زیادہ لائن لاسز والے علاقوں میں بجلی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ زیادہ ہوگیا ہے اور ہر دو تین گھنٹے بعد ایک گھنٹے بجلی بند رہنے لگی ہے، اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے .