عمران خان اور وزیر اعلیٰ کے پی کے بیانات پر کمیٹی قائم

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف نے عمران خان اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے بیانات پر کمیٹی بنا دی، وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کمیٹی کے سربراہ ہونگے . وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہوا جس میں پی ٹی آئی لانگ مارچ کے متعلق تبادلۂ خیال کیا گیا .


وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کی زیر نگرانی کام کرنے والی 5 رکنی کمیٹی عمران خان اور وزیر اعلیٰ محمودخان کے بیانات کا جائزہ لیکر آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کرے گی . ذرائع کے مطابق کمیٹی میں وزیر داخلہ، قمر زمان، ایاز صادق، اسعد محمود، اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ شامل ہیں .
عمران خان نے ایک انٹرویو میں پرامن مارچ کے شرکاء کے پاس اسلحے کی موجودگی کا اعتراف کیا تھا، جبکہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے اگلے لانگ مارچ میں وفاق کے خلاف خيبر پختونخوا کی فورس استعمال کرنے کی دھمکی دی تھی . اجلاس میں کابینہ ارکان کی 25 مئی کو لانگ مارچ مسترد کرنے پر عوام کو مبارکباد دی کہا کہ عوام نے انتشار پیدا کرنے والوں کو مسترد کردیا .
وزیر داخلہ رانا ثناء نے اجلاس کو یقین دلایا کہ ریاست مخالف کوئی لانگ مارچ ہوا تو اس کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا . کابینہ اجلاس کے دوران جے یو آئی کے وزیر مذہبی امور مولانا اسعد محمود نے قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا .

. .

متعلقہ خبریں