افغان طالبان نے ایک اور صوبہ فتح کرلیا

کابل (قدرت روزنامہ) غیر ملکی افواج کے انخلا کے بعد سے ہی افغان طالبان کی حکومتی فورسز کے خلاف کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ آج طالبان نے ایک اور صوبائی دارالحکومت کو فتح کرلیا۔

افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے سمنگان صوبے کے دارالحکومت ایبک پر قبضہ کرلیا ہے۔ اس وقت گورنر آفس، پولیس ہیڈ کوارٹرز، انٹیلی جنس ڈیپارٹمنٹ سمیت تمام سرکاری عمارتیں طالبان جنگجوؤں کے قبضے میں آچکی ہیں۔


ایبک سے تعلق رکھنے والے قانون سازوں عبداللہ محمدی اور ضیا الدین ضیا نے طالبان کے دعویٰ کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ حکومتی فورسز لڑائی کیے بغیر ہی شہر چھوڑ کر بھاگ گئیں۔


خیال رہے کہ جمعہ سے پیر کے دوران طالبان نے یہ چھٹا صوبائی دارالحکومت فتح کیا ہے۔ اتوار کے روز انہوں نے قندوز، سرپل اور تالقان پر قبضہ کیا تھا۔ تالقان صوبہ تخار کا دارالحکومت ہے جب کہ قندوز صوبہ قندوز اور سرپل صوبہ سرِپُل کا دارالحکومت ہے۔ اس سے قبل طالبان جوزجان کے دارالحکومت شبرغان پر قبضہ کرچکے ہیں۔ یہ طالبان مخالف جنگجو رہنما مارشل عبدالرشید دوستم کا آبائی علاقہ ہے۔ اس کے علاوہ طالبان اہم تجارتی شہر زرنج پر بھی قبضہ کرچکے ہیں۔ یہ ایران کی سرحد کے ساتھ واقع نمروز صوبے کا دارالحکومت ہے۔