اسکول شماری، سندھ کے تمام نجی اسکولوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

کراچی (قدرت روزنامہ)ڈائیریکٹر رجسٹریشن، پرائیویٹ انسٹیٹیوشن سندھ رفعیہ ملاح نے صوبہ بھر کے تمام نجی اسکولوں کو طلبہ شماری کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔رفعیہ ملاح نے اپنے گشتی مراسلے میں سندھ بھر کے تمام نجی اسکولوں و کالجوں کے سربراہوں سے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم اور ڈائیریکٹریٹ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ کے اشتراک سے صوبہ بھر کے نجی تعلیمی اداروں میں طلبہ شماری کی جارہی ہے۔
طُلبہ شماری کا مقصد یہ معلوم کرنا ہے کہ سندھ بھر میں کتنے اسکولز رجسٹرڈ ہیں اور کتنے اسکولز بغیر رجسٹریشن کے کام کر رہے ہیں اور ان اسکولوں میں زیر تعلیم طُلبہ کی تعداد کیا ہے۔
جاری کیے گئے گشتی مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اس سروے کا مقصد یہ معلوم کرنا ہے کہ کتنے طلبہ اسکولوں سے باہر ہیں اور جو بچے اسکولوں سے باہر ہیں انہیں کس طرح اسکولوں میں لایا جا سکتا ہے، اس سلسلے میں تمام نجی تعلیمی ادارے الرٹ رہیں ۔
مراسلے میں طلبہ شماری کے عمل میں محکمہ تعلیم کی جانب سے اسکولوں کا دورہ کرنے والی ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کرنے اور ان کی جانب سے فراہم کیے گئے فارم کو مکمل طور پر پُر کر کے عملے کو فوری واپس کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلے میں انتباہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اگر کسی اسکول نے ٹیم کے ساتھ عدم تعاون کیا اور فارم پُر کر کے ٹیم کے حوالے نہ کیا تو ایسے اسکول کو غیر رجسٹرڈ اور غیر قانونی تصور کرتے ہوئے برٹش کونسل اور متعلقہ بورڈ کو خط کے ذریعے اسکول کے اسٹیٹس سے متعلق آگاہ کیا جائے گا اور اس کے ساتھ ایسے نجی تعلیمی اداروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔