سندھ میں 200 امیدواروں کا جعلی ڈومیسائل پر اساتذہ کے امتحان میں کامیاب ہونے کا انکشاف

کراچی(قدرت روزنامہ) سندھ میں 200 امیدوار کا جعلی ڈومیسائل پر اساتذہ کے امتحان میں کامیاب ہونے کا انکشاف سامنے آیا، امیدواروں کا تعلق سبی، مالاکنڈ، اسلام آباد، ایبٹ آباد اور چترال کے اضلاع سے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سندھ میں اساتذہ ٹیسٹ میں 200 دیگر صوبوں کے امیدواروں کے پاس ہونے کا انکشاف سامنے آیا ، پاس ہونے والوں میں کراچی کے ایسٹ، ملیر، کورنگی،سینٹرل میں 122 سے زائد امیدوار شامل ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ جمشید ٹاؤن میں 50، سینٹرل کراچی سے11امیدواروں ، ملیر میں 14، کورنگی میں22 امیدواروں کا ڈومیسائل جعلی ہے۔اس کے علاوہ تدریسی آسامیوں کے لیے 14 امیدواروں کے پاس ضلع بدین کا ڈومیسائل جعلی ہے جبکہ گھوٹکی میں 12، کشمور میں 2 اور حیدرآباد میں 6 امیدواروں ، لاڑکانہ سے 5 اور مٹیاری میں ایک پی ایس ٹی فی میل امیدوار کا ڈومیسائل جعلی نکلا۔
ذرائع کے مطابق ان پی ایس ٹی اور جے ایس ٹی امیدواروں کے پاس دوسرے صوبوں کے قومی شناختی کارڈز جعلی ‘ڈی’ فارم ہیں۔ذرائع نے انکشاف کیا کہ جعلی ڈومیسائل سرٹیفکیٹ پر بھرتی ہونے والے ٹیچنگ امیدواروں کا تعلق سبی، مالاکنڈ، اسلام آباد، ایبٹ آباد اور چترال کے اضلاع سے ہیں۔
خیال رہے سندھ ہائی کورٹ نے صوبے میں اکیس ہزار سے زائد سرکاری ملازمتوں میں مبینہ بے ضابطگیوں اور اس معاملے پر فل بینچ بنانے کیلئے ایم کیو ایم رہنماؤں کی درخواست مسترد کردی ہے۔