اسلام آباد (قدرت روزنامہ)شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ 40 روپے مزید پیٹرولیم مصنوعات پر قیمتیں بڑھائی جائیں گی . سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد کچہری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھ پر موجودہ حکومت نے مقدمہ بنا کر خاص مہربانی کی ہے، مجھ پر چھ مقدمات حقائق کے برعکس درج کیے گئے .
انہوں نے کہا کہ مجھ پر سیاسی انتقام لینے کے لیے جھوٹے مقدمات بنائے گئے، قانون کا احترام ہمیشہ کیا اور آگے بھی کریں گے، تسادم نہ کبھی مقصد تھا اور نہ کبھی ہوگا، بیک ڈور مزاکرات کی بات درست نہیں، تردید کرتا ہوں .
شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ترکی پاکستان کا آزمایا ہوا دوست ہے جس کی ہم قدر کرتے ہیں، ترکی نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی دو ٹوک حمایت کی، موجودہ حکومت کی جانب سے کی گئی مہنگائی کے خلاف مارچ کرنے نکلے تھے . سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ مریم نواز اور بلاول بھٹو اسلام آباد میں مہنگائی کے خلاف مارچ کرنے نکلے تھے، موجودہ حکومت ناکام دکھائی دے رہی ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ جو معاہدہ کیا ہے اس میں 40 روپے مزید پیٹرولیم مصنوعات پر قیمتیں بڑھائی جائیں گی .
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں آٹے کی وہ کیفیت ہے جو ایک زمانے میں خیبرپختونخوا میں ہوا کرتی تھی، 280 روپے کلو گھی کی قیمت بڑھ گئی ہے، آئی ایف ایف کے ساتھ معاہدے کے تحت بجلی کی قیمت بھی بڑھانے کا اشارہ دیا ہے . شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ 7 روپے فی یونٹ بجلی کی قیمت بڑھانے کا ارادہ رکھتے ہیں، موجودہ حکومت کے پاس کوئی معاشی پلان نہیں ہے، پاکستان آئندہ دنوں میں مزید معاشی بہران کا شکار ہوگا .
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ اگر آئی ایم ایف کی شرائط پوری نہیں کرتے تو پاکستان ڈیفالٹ کی طرف جائےگا، واحد حل انتخابات ہے جس میں عوام کا مینڈیٹ ہو، عمران خان جلد اسلام آباد آئیں گے، مشاورت جاری ہے .