بھٹو کی پھانسی پر چڑیا بھی نہیں پھڑکی تھی، شہباز شریف اتنے بڑے لیڈر نہیں کہ گرفتار ی پر قیامت آجائے، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نواز شریف کا پاسپور ٹ16فروری سے منسوخ ہو چکا ہے، انہیں ملک واپس آنا چاہئے اور مقدمات کا سامنا کرنا چاہئے، ایک صاحب نے بیان دیا کہ اگر شہباز شریف کو گرفتار کیا گیا تو ملک میں قیامت آجائے گی، نواز شریف یا شہباز شریف ذوالفقار علی بھٹو سے زیاد ہ بڑے لیڈر نہیں ہیں، بھٹو کو جب پھانسی دی گئی تو ملک میں ایک چڑیا بھی نہیں پھڑ کی تھی،کسی کو گرفتار کرنے سے کچھ نہیں ہوگا، قانون اپنی جگہ پر ہے اور قانون کی خلاف ورزی پرقانون کا اطلاق ہوگا۔
تفصیلا ت کے مطابق پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ لیڈروہی ہے جواپنے ملک میں جیتااورمرتاہے،ہم جھوٹے کیسزمیں 7،7 سال قیدہوئے مگر ملک سے نہیں بھاگے،نوازشریف کے پاس 2 آپشنزہیں،وہ یاسیاسی پناہ لیں یااپیل کریں،شہبازشریف نے ای سی ایل سے نام نکالنے کیلئے درخواست نہیں دی۔یہ بدقسمتی ہے کہ یہ لوگ اقتدار میں ملک کے اندر رہتے ہیں اوربعد میں بھاگ جاتے ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ چینی سفیر سے تفصیلی ملاقات ہوئی ہے ، داسو واقعے کے بارے وزارت خارجہ کوتفصیلات فراہم کر دی گئی ہیں،چائنہ اور پاکستا ن کی دوستی ہمالیہ سے بلندہے، سی پیک میں کسی بھی رکاوٹ کو برداشت نہیں کریں گے، پاکستان کی ساری قوم سی پیک کے ساتھ کھڑی ہے، انتشار پھیلانے کی ناکام کوشش کرنے والے منہ کے بل کھڑے ہیں، داسو ڈیم کی تحقیقات وزار ت داخلہ کے پاس ہیں مگر اعلان وزیر خارجہ کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ محرم کے حوالے سے چاروں صوبوں سے بات ہوئی ہے، امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لایا جائے گا ، قوم اپنے عقیدے کو چھوڑے نہ اور کسی کے عقیدے کو چھیڑے نہ۔ پاکستان میں دہشتگردی کے پیچھے بھارتی خفیہ ایجنسی را اورافغان ایجنسی این ڈی ایس شامل ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغواکے متعلق تحقیقات مکمل کرلی گئی تھیں اور پاکستان آنے والا افغان وفد واپس چلاگیا ہے، تمام ویڈویوز اور دوسرے ثبوت افغان ٹیم کے حوالے کردیئے ہیں اور ان سے کہا کہ اس واقعے کی تحقیقات میں افغان سفیر کو پاکستان کے ساتھ تعاون کے لئے پاکستان آنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں کرائم ریٹ بڑھ رہا ہے جس کی وجہ پولیس کی کم نفری ہے مگر اب ہم اسے بڑھانے جارہے ہیں،وزارت داخلہ کو اسلحہ اجرا کی اجازت مل گئی ہے مگر قوم ا س کے ضوابط بھی پڑھ لے، افغا ن بارڈر پر فینسنگ 92فیصد تک مکمل ہے،ای الیون میں نالوں پر قبضے کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔شیخ رشید نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خا ن کا طرز سیاست بہتر ہے اور میں عمرا ن خان کے ساتھ کھڑے ہو کر سیاسی مخالفین کے خلاف لڑوں گا۔