ملک کو بدترین لوڈ شیڈنگ بحران میں مبتلا کردیا گیا ہے، فواد چوہدری

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ملک کو بدترین لوڈ شیڈنگ بحران میں مبتلا کر دیا گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں فواد چوہدری نے کہا کہ خرم دستگیر تو کھابوں میں مصروف ہیں، گوجرانوالہ کے اکھاڑے ان کے منتظر ہیں مہربانی کریں اور استعفیٰ دے کر گوجرانوالہ پہنچیں۔


انہوں نے مزید کہا کہ مصدق ملک شریف آدمی ہیں وہ خود ہی عزت سے علیحدہ ہو جائیں، جب آپ سے کام چل نہیں رہا تو چمٹے رہنے کا فائدہ؟دوسری جانب ملک بھر میں بجلی کے تیزی سے بڑھتے ہوئے شارٹ فال اور بدترین لوڈشیڈنگ کا معاملے پر تحریک انصاف کے فوکل پرسن برائے معاشی امور حماد اظہر نے وزیر بجلی اور وزیر پیٹرولیم سے فوری استعفیٰ کا مطالبہ کردیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں حماد اظہر نے کہا کہ وزیر بجلی اور وزیر پیٹرولیم بدترین لوڈشیڈنگ پر فوری استعفیٰ دیں۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ وہ پاور پلانٹ جو تحریک انصاف کے دور میں کبھی بند نہیں ہوئے وہ اب یا تو بند پڑے ہیں یا 25 فیصد پیداواری صلاحیت پر چلائے جا رہے ہیں۔حماد اظہر نے مزید کہا کہ اس میں سی پیک کے پلانٹ بھی شامل ہیں، بدانتظامی کی انتہا ہو چکی اور کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں گرمی کی شدت سے بجلی کا شارٹ فال بڑھ گیا ہے، طلب 28 ہزار 500 میگا واٹ تک پہنچ گئی ہے۔ذرائع این ٹی ڈی سی کے مطابق ملک میں بجلی کی رسد 21 ہزار میگا واٹ ہے جبکہ شارٹ فال ساڑھے7 ہزار میگا واٹ ہے۔
ذرائع لیسکو کے مطابق لیسکو ریجن میں بجلی کی طلب 5 ہزار میگاواٹ، رسد 3 ہزار 800 میگاواٹ ہے جبکہ شارٹ فال 1500 میگا واٹ ہے۔لیسکو ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ریجن میں 8 سے 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔