زندگی بھر جس ہاتھ نے کھلایا، عمران خان نے اسی کو کاٹ لیا، خواجہ آصف

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ زندگی بھر جس ہاتھ نے کھلایا، عمران خان نے اسی کو کاٹ لیا، جس درخت نے سایہ میسر کیا عمران خان نے اس پہ کلہاڑا چلایا۔
ایک بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان چاہتے ہیں وہ حکمران رہیں ورنہ ان کے نزدیک پاکستان کا تصور ہی نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج عمران کی حکمرانی کی ضمانت نہ دے تو وہ اس کی تباہی کی بات کرتا ہے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ عمران خان پچ پہ لیٹا امپائر، اسٹیڈیم، ٹیم، شائقین، عوام سب کو تباہ کرنے کی بات کررہا ہے۔


انہوں نے کہا کہ یہ شخص اقتدار سے کیا محروم ہوا، فوج کی تباہی اور وطن کی سالمیت پہ حملہ آور ہے، 75 سال میں کئی بحران آئے مگر کسی نے وطن ٹوٹنے یا فوج کی تباہی کی بات نہ کی۔
خواجہ آصف نے سوال کیا کہ کیا ملک کی سلامتی اور فوج کا وجود عمران خان کے اقتدار سے مشروط ہے؟خواجہ آصف نے مزید کہا کہ اب اس شخص کو جوابدہ ہونا ہوگا، وطن کی سلامتی اور فوج کی یکجہتی کا تحفظ ہمارا فرض ہے۔