بشام (قدرت روزنامہ)سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اسٹیبلشمنت کہتی ہے ہم نیوٹرل ہیں، بسم اللہ آپ نیوٹرل ہوں لیکن لوگ جانتے ہیں ، پاور نیوٹرلز کے پاس ہے اور وہ آپ کی طرف دیکھ رہے ہیں جب کہ تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی کہ ملک نیچے جائے اور آپ کہیں ہم نیوٹرل ہیں .
بشام میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ محب وطن صحافیوں پر کیسز بنائے جارہے ہیں، سمیع ابراہیم ، ارشد شریف، عمرن ریاض خان ، صابر شاکر پر کیسز بنائے جارہے ہیں جب کہ بول ٹی وی کے مالک پر بھی کیسز بنائے جارہے ہیں ، جمہوریت میں اس طرح میڈیا پر پابندی نہیں لگتی .
سابق وزیراعظم نے کہا کہ اسٹیبلشمنت کہتی ہیں نیوٹرل ہیں، بسم اللہ آپ نیوٹرل ہوں لیکن لوگ جانتے ہیں ،پاور نیوٹرلز کے پاس ہے اور وہ آپ کی طرف دیکھ رہے ہیں اور تاریخ معاف نہیں کرے گی ، ملک نیچے جائے اور آپ کہیں ہم نیوٹرل ہیں جب کہ جو لوگ ابھی مسلط ہوئے ہیں وہ ملک کو دیوالیہ کی طرف لے کر جارہے ہیں ، چور ماریکا کی سازش کی وجہ سے ملک کا دیوالیہ نکال رہے ہیں .
انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کی حقیقی آزادی کے لیے نکلاہوں ، آزادی قوم کے مفاد میں فیصلے کرنے کا نام ہے، پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے ، جب سے حکومت آئی ہے ہر شے مہنگی ہوئی ہے جب کہ پچھلے دو سال میں ہمارے ملک کی دولت میں اضافہ ہو رہا تھا ، پچھلی حکومتوں کے مقابلے میں ہم نے سب سے زیادہ روزگار فراہم کیا .
عمران خان نے کہا کہ بھارت نے کچھ روز پہلے پیٹرول کی قیمت کم کی ، ہماری حکومت بھی روس سے 30 فیصدکم قیمت پرتیل خریدنا چاہتی تھی لیکن سازش سےہماری حکومت ختم کردی گئی ، پاکستان امریکی اجازت کے بغیر روس سے سستا تیل نہیں خریدسکتا کیوں کہ امریکا کی اجازت نہیں ہے .
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں آزادی کی تحریک کی تیاری کررہا ہوں ، میں ابھی مزید 3 دن خیبرپختونخوا میں ہی ہوں اور پرسوں دیر جلسے میں اپنی تحریک کا اگلالائحہ عمل دوں گا ، جب تک صاف اور شفاف الیکشن نہیں کرائیں گے ہم انکو تسلیم نہیں کریں گے، ہم امپورٹڈ حکومت کو مانتے ہیں اور نہ ہی ہماری قوم مانتی ہے .
انہوں نے کہا کہ ہم کسی سپر پاور کو نہیں مانتے، ہم صرف اللہ کو مانتے ہیں اور جھکتے ہیں تو صرف اللہ کے سامنے، ہم سچ اور حق پر کھڑے ہوتے ہیں، ہم خوف کےبت توڑکرصرف اپنے نظریے پر چلتے ہیں ، امریکہ کی خوشنودی سے آنے والوں کو کبھی نہیں مانیں گے، غلام ذہن ملک اور عوام کو نقصان پہنچاتے ہیں ، جس سازش کے تحت آپ لوگ آئے، تاریخ آپ کو کبھی معاف نہیں کرے گی .
عمران خان نے کہا کہ پرامن مظاہرین پر تشدد کوئی جمہوریت اجازت نہیں دیتا لیکن انہوں نے پرامن احتجاجی مظاہرین پر انہوں نے ظلم کیا، یہ لوگ پولیس کا غلط استعمال کررہے ہیں، اسلام آباد میں بچے،عورتوں اور نوجوانوں پر شیلنگ کی گئی، شہبازشریف اور رانا ثنا اللہ نے لانگ مارچ کے دوران ظلم کیا، ظالم انسان ہمیشہ بزدل ہوتا ہے . انہوں نے کہا کہ یہ الیکشن کمیشن سے مل کر دھاندلی کی تیاری کررہے ہیں .
سابق وزیراعظم نے پاکستانیوں کے حالیہ دورہ اسرائیل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم نے کہا تھا کہ جب تک فلسطینیوں سے انصاف نہ ہو، اسرائیل تسلیم نہیں کریں گے اور یہی ہمارا نظریہ ہے کہ جب تک فلسطینیوں سے انصاف نہ ہو اسرائیل کو تسلیم نہیں کرسکتے . عمران خان نے کہا کہ شہبازشریف نے یہاں آکر کہا تھا کہ اپنے کپڑے بیچ دوں گا، اب تو کپڑے بیچ دینے چاہئیں، آٹا ، پیٹرول ڈیزل اور بجلی مہنگی ہوئی ہے .