کراچی کے شہری پیٹرول پمپوں کو نقصان کیوں پہنچا رہے ہیں؟ فواد چوہدری
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کراچی کے شہری پیٹرول پمپوں کو نقصان کیوں پہنچا رہے ہیں؟
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ پیغام میں فواد چوہدری نے کہا کہ آپ کو ایم کیو ایم کے دفاتر کے سامنے احتجاج کرنا چاہیے جن کی مدد اور حمائیت سے مہنگائی کا یہ طوفان آیا۔
کراچی کے شہری پٹرول پمپوں کو نقصان کیوں پہنچا رہے ہیں؟ آپ کو MQM کے دفاتر کے سامنے احتجاج کرنا چاہئے جن کی مدد اور حمائیت سے مہنگائ کا یہ طوفان آیا ، خالد مقبول صدیقی، امین الحق اور فیصل کو مفت پٹرول کی قیمت کراچی اور پاکستان کے عوام کو دینی پڑ رہی ہے #امپورٹڈ_حکومت_نامنظور
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) June 3, 2022
انہوں نے کہا کہ خالد مقبول صدیقی، امین الحق اور فیصل کو مفت پیٹرول کی قیمت کراچی اور پاکستان کے عوام کو دینی پڑ رہی ہے۔پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ حکومت کے وزراء جج صاحبان اعلیٰ فوجی اور سول افسران قوم سے یکجہتی دیکھائیں اور اپنے پیٹرول الاؤنسز معطل کر دیں۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ جب تک قیمتیں واپس نہیں آتیں اعلیٰ عہدوں پر براجمان لوگ عوام کی تکلیف میں حصہ دار بنیں، علامتی طور پر عوام کے ساتھ نظر تو آئیں آپ کے دورے ہی ختم نہیں ہو رہے۔
واضح رہے کہ پیٹرول مہنگا ہونے پر کراچی والوں کا غصہ بے قابو ہوگیا، کراچی سرینا موبائل مارکیٹ کے پاس پیٹرول پمپ پر عوام نے پتھرمارنے شروع کردیئے اور متعدد پیٹرول پمپز کو بھی نقصان پہنچایا۔خیال رہے کہ شہباز شریف حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، نئی قیمتوں کا اطلاق کل رات بارہ بجے سے ہوگا۔
وزارت خزانہ کی جانب جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت 30 روپے فی لیٹر اضافے کے بعد 209 روپے 86 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 30 روپے فی لیٹر اضافے کے بعد 204 روپے 15 پیسے، مٹی کا 26 روپے 38 پیسے فی لیٹر اضافے کے ساتھ 181 روپے 94 پیسےجب کہ لائٹ 30 روپے فی لیٹر اضافے کے بعد 178 روپے 31 پیسے فی لیٹر ہوگیا ہے۔