عمران خان آج پاکستان کو کمزور کرنے کی سازش میں ملوث ممالک کی نشاندہی کریں گے

پشاور (قدرت روزنامہ)چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان آج پاکستان کو کمزور کرنے کی سازش میں ملوث ممالک کی نشاندہی کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج سہ پہربونیر میں جلسے سے خطاب کروں گا ،میں جلسے میں ایک بات کی نشاندہی کروں گا کہ کیسےامپورٹڈحکومت کوامریکی سازشی عناصراستعمال کررہےہیں ، خاص طور پر وہ بیرونی مفادات جو معاشی انتشار پیدا کرنا اور ریاست کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔


یاد رہے دو روز قبل پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کیخلاف امریکا، اسرائیل اور بھارت کا اتحاد ہے، تینوں ممالک کا پروگرام پاکستان کو مضبوط نہ ہونے دینا ہے, اسٹیبلشمنٹ نے درست فیصلے نہ کیے تو تباہ ہوجائیں‌ گے۔
عمران خان نے کہا تھا یہ لوگ جب سے آئے ہیں روپیہ گر رہا ہے، چیزیں مہنگی ہو رہی ہیں، پاکستان ڈیفالٹ کی طرف جا رہا ہے، اگر ہم ڈیفالٹ کر جاتے ہیں تو سب سے بڑا ادارہ کون سا ہے جو سب سے پہلے ہٹ ہوگا، وہ پاکستانی فوج ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا آج کہتا ہوں پاکستان کے 3 حصے ہوں گے، ان کے عام تھنک ٹینکس، بھارت کے تھنک ٹینکس میں دیکھ لیں، باہر جو سارے بلوچستان کو علیحدہ کرنے کے پلانز ہیں، ان کے پلان بنے ہوئے ہیں، تو اس وقت صحیح فیصلے نہیں کیے جائیں گے تو ملک خود کشی کی طرف جا رہا ہے میں اس وقت یہ زور لگار ہا ہوں، کہ یہ وقت درست فیصلے کرنے کا ہے۔