دعا زہرا کی بیرون ملک منتقلی کا خدشہ ، عدالت نے بڑا حکم دے دیا

کراچی (قدرت روزنامہ) سندھ ہائی کورٹ نے دعا زہرا کے بیرون ملک منتقلی کے خدشے کے پیش نظر نادرا اور اسٹیٹ بینک کو نامزد ملزمان کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے اور قومی شناختی کارڈ بھی بلاک کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں دعازہرا کی بازیابی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی ، آئی جی سندھ غلام نبی میمن ودیگر عدالت میں پیش ہوئے تاہم آج بھی دعازہرہ کو عدالت میں پیش نہیں کیاجاسکا۔
آئی جی سندھ نے عدالت کو بتایا کہ 7ٹیمیں پنجاب اورکےپی کےمیں لگائی ہیں، 3ٹیکنیکل ٹیمیں معاونت کررہی ہیں ،16افرادکو حراست میں لیاتھا، 3 افراد کو چھوڑدیا ہے ایک نے حفاظتی ضمانت لی ہے، 12 افراد حراست میں ہیں، 2 افراد کو کراچی منتقل کر دیا گیا، ان کے رول سے متعلق بھی رپورٹ میں بتایا گیا ہے۔
جسٹس اقبال کلہوڑو نے کہا کہ ابھی بچی کاپتہ نہیں چل رہا، جس پر آئی جی سندھ غلام نبی میمن نےبتایا کہ کچھ شواہدملےہیں ، جسٹس اقبال کلہوڑو نے استفسار کیا کون لوگ ہیں جو انکی مدد کررہے ہیں، کوئی انسانی اسمگلنگ کا مسئلہ ہے ہم محسوس کررہے ہیں۔آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ نہیں ایسا کوئی مسئلہ نہیں ہے، لڑکے کا والد پنجاب یونیورسٹی کے رجسٹرار کا ڈرائیور ہے، جسٹس اقبال کلہوڑو نے مزید استفسار کیا لاہور ہائی کورٹ نےلڑکی کوپیش کرنےکاکہاگیاتھاپیش ہوئی ؟ وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ لڑکی کو وہاں پیش نہیں کیا گیا۔
\جسٹس اقبال کلہوڑو نے کہا کہ چاہتے ہیں بچی مل جائے اپنے والدین سے مل لے، مقدمہ یہاں کے تھانے میں درج ہوا ہے ،جب تک بچی نہیں آئے گی معاملہ چلتا رہے گا ، ہم بار بار حکم دے چکے ہیں مگر کچھ نہیں ہورہا۔غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ ذمہ داری کےساتھ کہتاہوں محنت اورایمانداری میں کوئی کمی نہیں چھوڑیں گے، جس پر جسٹس اقبال کلہوڑو نے استفسار کیا ہمیں ٹائم فریم دیں کب بچی کو پیش کریں گے ؟ تو آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ ہم ایمانداری سے کوشش کررہے ہیں یہ یقین دلاتا ہوں۔
دعا زہرا کے والد نے عدالت میں کہا کہ میں بڑی امیدیں لگاکریہاں آتا ہوں ، جس پر عدالت نے وفاق اور ایف آئی اے کو فریق بنانے کا حکم دے دیا۔سندھ ہائی کورٹ نے ڈی جی ایف آئی اے کو سرحدی علاقوں کی نگرانی اور کارروائی کا حکم دیتے ہوئے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کردیا اور کہا لڑکی کو بیرون ملک منتقلی سے روکا جائے۔
عدالت نے نادرا اور اسٹیٹ بینک کو نامزد ملزمان کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے اور قومی شناختی کارڈ بھی بلاک کرنے کا حکم دے دیا جبکہ سابق آئی جی کامران فضل کو جاری کردہ شوکاز نوٹس واپس لیتے ہوئے
دعا زہرا کو پیش کرنے کا حکم دیا اور سماعت دس جون تک ملتوی کردی۔