پیٹرول کی آسمان کو چھوتی قیمتوں پر CAA ملازم کا انوکھا اقدام
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پیٹرولیم مصنوعات کی آسمان کو چھوتی قیمتوں کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے ملازم کا انوکھا اقدام سامنے آیا ہے۔
سی اے اے ملازم کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث گدھا گاڑی پر دفتر جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تعینات سی اے اے ملازم راجہ آصف اقبال نے انتظامیہ سے گدھا گاڑی کی پارکنگ کی اجازت مانگ لی۔ملازم نے ڈی جی سول ایوی ایشن کو گدھا گاڑی پر آفس آنے اور گدھا گاڑی کو پارک کرنے کی جگہ دینے لیے درخواست جمع کرائی ہے۔
سی اے اے ملازم نے تحریری درخواست میں مؤقف اپنایا ہے کہ مہنگے پیٹرول اور مہنگائی میں ادارے نے ٹرانسپورٹ کی سہولت بند کر دی ہے، بڑھتی پیٹرولیم قیمتوں کی وجہ سے ذاتی ٹرانسپورٹ لانا بھی ممکن نہیں۔سی اے اے ملازم کا درخواست میں مزید کہنا ہے کہ مہربانی فرما کر مجھے میری گدھا گاڑی ایئرپورٹ لانے کی اجازت دی جائے۔
دوسری جانب ترجمان سی اے اے کا اس خط کے جواب میں کہنا ہے کہ تمام ملازمین کو فیول الاؤنس ملتا ہے، پک اینڈ ڈراپ کی سہولت بھی دستیاب ہوتی ہے۔ترجمان سی اے اے کا مزید کہنا ہے کہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر میٹرو بس سروس بھی دستیاب ہے۔