میرے خلاف امریکا، بھارت اور اسرائیل نے سازش کی، عمران خان

دیر (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ میرے خلاف امریکا، بھارت اور اسرائیل نے سازش کی۔اپر دیر میں جلسے سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نامنظور، سارے پاکستان کی آواز ہے۔
انہوں نے کہا کہ دیر کے عوام کے لیے بڑا اسٹیڈیم بنائیں گے، چاہتا ہوں، نوجوان اپنے حق کےلیے کھڑے ہوں، کبھی کسی کے سامنے نہیں جھکنا یہ شرک ہے۔
پی ٹی آئی سربراہ نے دعویٰ سے کہا کہ میرے خلاف امریکا، بھارت اور اسرائیل نے مل کر سازش کی۔ان کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت کی ساری دولت ملک سے باہر پڑی ہے، عمران خان کا جینا مرنا پاکستان میں ہے۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف نے ہم پر بھی پیٹرول، ڈیزل اور بجلی کی قیمت بڑھانے کے لیے دباؤ ڈالا، ہم نے اپنا پیٹ کاٹ کر عوام کو مہنگائی سے بچایا۔انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے رات کے اندھیرے میں 45 فیصد گیس کی قیمت بڑھا دی۔
عمران خان نے یہ بھی کہا کہ ہم ملک کی دولت اور آمدنی میں اضافہ کرنے کی کوشش کررہے تھے، ہم نے اپنے دور میں پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ ٹیکس اکٹھا کیا۔اُن کا کہنا تھا کہ میرے والدین نے تحریک پاکستان میں شرکت کی تھی، تحریک انصاف کا منشور تحریک پاکستان اور قرارداد پاکستان سے لیا تھا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ شہباز شریف کو اس لیے لے کر آئے جو حکم آقا کریں گے یہ مانے گا، پہلا حکم جو آئی ایم ایف سے لیا ملک میں مہنگائی کی، اس حکومت نے پیٹرول کی قیمت 60 روپے بڑھا دی۔انہوں نے کہا کہ جب پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھتی ہیں تو ساری چیزیں مہنگی ہوجاتی ہیں، جس میں ذرا سی انسانیت ہوگی وہ اتنی مہنگائی کبھی نہیں کرے گا۔
پی ٹی آئی سربراہ نے کہا کہ آئی ایم ایف نے ہم پر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھانے کے لیے دباؤ ڈالا، ہم نے پیٹرول، ڈیزل کی قیمتیں بڑھانے کے بجائے 10 روپے کم کیں۔اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے دور میں پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ پیسا اکٹھا کیا اور عوام کو پیٹرول اور ڈیزل پر سبسڈی دی۔
عمران خان نے کہا کہ ہم جب آئے تو پاکستانیوں کی اوسط آمدنی 16 ہزار 180 تھی، ساڑھے 3 سالوں میں پاکستانیوں کی اوسط آمدنی 26 ہزار 380 پر گئی۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت اس لیے گرائی گئی کہ امریکا کے پتلے اوپر بیٹھیں، ہم صحت کارڈ لائے، سود کے بغیر قرضے فراہم کیے، ہماری حکومت مہنگائی کے تحت نہیں ایک سازش کے تحت گرائی گئی۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف، آصف زرداری کے چوری کے پیسے ملک سے باہر پڑے ہیں، 30دن میں جتنی قیمتیں بڑھیں ہمارے ساڑھے 3سالوں میں اتنی نہیں بڑھیں۔ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کہہ رہے ہیں کہ مشکل حالات ہیں تو سازش نہ کرتے، میں پوچھتا ہوں، اگر آپ سے حکومت نہیں ہورہی تو یہ سازش کی کیوں؟
عمران خان نے کہا کہ آج ہماری معیشت وہاں جارہی ہے جہاں ملک کو خطرہ ہے، انٹرنیشنل ادارے کہہ رہے ہیں کہ پاکستان کی معیشت گر رہی ہے، موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ منفی کردی۔انہوں نے کہا کہ ہم حکومت میں آئے تو بجلی کے شعبے میں سب سے بڑا گردشی قرضہ تھا، ہم نے ملک کو مشکل سے نکالا، جب سے شہباز شریف آئے ہیں ملک تیزی سے نیچے جارہا ہے۔
پی ٹی آئی سربراہ نے کہا کہ محمود خان سے اپیل کرتا ہوں، دیر کے لوگوں کے لیے بڑا اسٹیڈیم بنائیں، پاکستان کے بڑے شہروں میں 2 یا 3 اسٹیڈیم بنائے جائیں۔ان کا کہنا تھا کہ جلسے میں ساڑھے4 بجے آنا تھا، ڈھائی بجے ہی گراؤنڈ بھر گیا، چاہتا ہوں کہ نوجوان قوم کے لیے کھڑے ہوں اور کبھی غلامی قبول نہ کریں۔