وزن میں کمی کیلئے شہد والا لیموں پانی پینا مفید ہے؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اگر آپ اپنے اردگرد نظر ڈالیں تو بہت سے لوگ اپنے وزن میں اضافے سے ناخوش ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ موٹاپا یا زیادہ وزن ایک عام مسئلہ ہے جس کا دنیا بھر میں بہت سے لوگوں کو سامنا ہے۔ اگرچہ اس کے پیچھے بہت سی وجوہات ہوسکتی ہیں لیکن ہر کوئی وزن کم کرنے کے طریقے تلاش کر رہا ہے۔
روزانہ ورزش کرنے اور صحت بخش غذا کھانے کے علاوہ، لوگ اپنے مسائل کا حل تلاش کرنے کے لیے گھریلو علاج کا انتخاب کرتے ہیں۔ وزن میں کمی سے متعلق مشہور علاج شہد والا لیموں پانی ہے۔ زیادہ تر لوگوں کو لگتا ہے کہ یہ جادوئی مشروب ان کے اضافی وزن کو کم کرنے کے سفر میں ان کا ساتھ دے گا۔
تاہم ماہرین غذائیت نے کہا ہے کہ شہد والے لیموں پانی کو وزن کم کرنے کے لیے مفید سمجھنا درست نہیں ہے۔ماہرین غذائیت کے مطابق بہت سے لوگ پوچھتے ہیں کہ کیا شہد اور لیموں کا پانی پینا فائدہ مند ہے؟
اُنہوں نے کہا کہ یہ سب اس بات پر منحصر ہے کہ آپ اس مشروب کا استعمال کس مقصد کے لیے کررہے ہیں، مطلب اگر آپ اپنی جِلد کے لیے شہد والا لیموں پانی پی رہے ہیں تو یہ فائدہ مند ثابت ہوگا، اس سے آپ کی جِلد صاف شفاف اور ترو تازہ ہوجائے گی۔ماہرین غذائیت نے کہا کہ اگر آپ وزن کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تو یہ مشروب آپ کے حق میں کام نہیں کر سکتی کیونکہ شہد میں چینی کی طرح کیلوریز کی تعداد زیادہ ہوتی ہے لہٰذا، یہ واقعی وزن میں کمی کی حمایت نہیں کرے گا۔
اُنہوں نے کہا کہ صبح کے وقت شہد اور لیموں کا پانی پینا وزن کم کرنے میں مدد نہیں کرتا۔ماہرین نے مزید کہا کہ بعض اوقات، وزن میں کمی کے لیے لوگ جسم میں خراب کولیسٹرول کی سطح کو کم کرنے کے طریقوں کی تلاش میں رہتے ہیں لیکن طرزِ زندگی میں کچھ تبدیلیاں اور مناسب خوراک کا منصوبہ خراب کولیسٹرول کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔