لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کیلئے مارکیٹیں کتنے بجے بند کروادی جائیں؟تجویز دیدی گئی

لاہور(قدرت روزنامہ) ملک بھر میں غیر معمولی صورت حال حکومت سے فوری طور پر غیر معمولی اقدامات کا تقاضا کر رہی ہے۔ایسے میں لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے وزارت توانائی کو موجودہ بجلی بحران میں کمی کے لیے دکانیں اور مارکیٹیں جلدی بند کرنے کی تجویز دی ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق لیسکو حکام نے وزارت توانائی سے مطالبہ کیا ہے کہ ستمبر تک مارکیٹیں، دکانیں اور بازار جلد بند کرنے کی پالیسی اپنائی جائے، اس سے پیٹرول اور بجلی دونوں کی بچت ہو گی،

صبح کاروبار کھول کر مغرب سے پہلے بند کر دیے جائیں اور اضافی بجلی گھروں کو مہیا کر دی جائے۔گھریلو صارفین نے بازار اور مارکیٹیں جلدی بند کرنے کی اس تجویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے پیٹرول اور بجلی دونوں کی بچت ہوگی۔تاجر برادری نے اس تجویزپر ملے جلے ردعمل کااظہار کیا، ان کا کہنا ہے کہ سرکاری دفاتر میں بچت مہم چلائی جائےاور لاسز کم کیےجائیں، دکانیں بند کرانے سے بہتر ہےکہ بچت مہم پر عمل کیا جائے تاہم موجودہ صورت حال میں ہر طرح کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔

وزارت توانائی کے حکام کا کہنا ہےکہ بجلی کا بڑھتابحران یقیناً لمحہ فکریہ ہے،کوشش کر رہے ہیں کہ بچت پلان کے ساتھ بند پاور پلانٹس بھی جلد چلا ئے جائیں، امید ہےکہ چند روز میں لوڈشیڈنگ میں کمی ہو جائے گی۔واضح رہے کہ رواں مالی سال کے 10 ماہ میں پیٹرولیم مصنوعات کا درآمدی بل 17 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔