پاکستان کو آگے چلنا ہے تو تمام اسٹیک ہولڈرز سے بات کرنا ہوگی ، شہباز شریف

لاہور (قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کو آگے چلنا ہے تو تمام اسٹیک ہولڈرز سے بات کرنا ہوگی۔شہباز شریف نے انڈس اسپتال لاہور کا افتتاح کردیا ہے اور اس دوران انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومیں علم اور جدت سے بنتی ہیں، پتھروں سے قومیں ترقی نہیں کرتیں۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب کا بجٹ حقداروں کو شفاف طریقے سے پہنچتا ہے، اربوں روپے انہوں نے عطیہ کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ساڑھے 3 سالوں میں جو ہوا اس کا حساب کون دے گا؟ کیا صرف مجھ سے ڈیڑھ ماہ کا حساب لینا ہے، میں اپنا ڈیڑھ ماہ کا حساب دینے کو تیار ہوں۔
شہباز شریف نے کہا کہ اچھے لوگ حکومت کےساتھ کام کریں تو سیاسی رنگ نہیں دینا چاہیے، دل پر پتھر رکھ کر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھائیں۔انکا کہنا ہے کہ ہمیں اگر آگے جانا ہے تو اپنی انا سے بالا تر ہوکر سوچنا ہوگا، صحت اور تعلیم پر سمجھوتا نہیں ہونا چاہیے، ساڑھے 3سال میں جو ہوا اس وجہ سے ملک یہاں تک پہنچا، بجلی کے منصوبے ہیں لیکن تیل اور گیس مہنگی منگوانی پڑ رہی ہے۔
شہبازشریف نے کہا کہ اسپتال چلانے والے قابل فخر پاکستانی ہیں، ہماری حکومت اس 60 بیڈ کے اسپتال کو چلانے سے قاصر تھی۔انہوں نے کہا کہ میں نے ان سے کہا یہ اسپتال سیاسی رنگ نہ اختیار کر جائے، وہ اسپتال ان کے حوالے کیا تو انہوں نے شاندار انداز میں چلایا، 2013 میں ان لوگوں سے ملاقات ہوئی اور خیراتی اسپتال بنانے کا کہا۔
انکا کہنا ہے کہ جو لوگ قرآن کی تعلیمات پرعمل پیرا ہیں وہی دین اور دنیا کما رہے ہیں، آج میرے لیے خوشی اور عزت کا موقع ہے، اسپتال کی تقریب میں شرکت میرے لیے باعث مسرت ہے۔وزیراعظم شہبازشریف نے مزید کہا کہ ہمیں تمام اسٹیک ہولڈرز سے گرینڈ ڈائیلاگ کرنا ہوگا، ملک کو گرینڈ ڈائیلاگ کی اشد ضرورت ہے، پاکستان کو آگے چلنا ہے تو تمام اسٹیک ہولڈرز سے بات کرنا ہوگی۔