اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ حکومت انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے تو بات چیت ہوسکتی ہے . راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ الیکشن کی تاریخ دیے بغیر عمران خان کسی سے بات نہیں کرے گا .
انہوں نے کہا کہ حکومت ووٹر لسٹوں اور حلقہ بندیوں میں مرضی کی تبدیلیاں کر رہی ہے، انتخابات اسی سال ہوتے ہوئے دیکھ رہا ہوں . ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان بجٹ کے بعد حکومت کےخلاف اگلی حکمت عملی کا اعلان کریں گے . شیخ رشید نے کہا کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، باپ اور بیٹا وفاق اور ایک صوبے پر قابض ہوچکے ہیں .
سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کے لیے ساری محنت ہماری تھی . اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی ضمانت قبل از گرفتاری ایک لاکھ روپے مچلکے کے عوض منظور کرلی .
لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں شیخ رشید کی ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں سابق وزیر داخلہ پیش ہوئے . شیخ رشید کی درخواست پر سماعت جسٹس محمد طارق ندیم نے کی . خیال رہے کہ شیخ رشید کے خلاف مختلف شہروں میں توہین مذہب کے 17 مقدمات درج ہیں .