شروع سے آخر تک تجسس میں مبتلا رکھنے والی یہ فلم آپ نے دیکھی ہے؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)شروع سے آخر تک تجسس میں مبتلا رکھنے والی 2019 کیفلم نائیوز آؤٹ آپ کو ضرور پسند آئے گی جس کے رائٹر اور ڈائریکٹر ریان جونسن ہیں۔
4 کروڑ ڈالرز میں بننے والی فلم نائیوز آؤٹ نے دنیا بھر میں 31 کروڑ ڈالرز سے زیادہ کا بزنس کیا تھا اور اب اس کے مزید حصوں پر بھی کام ہورہا ہے جبکہ دوسرا حصہ 2022 میں ہی کسی وقت ریلیز کیا جائے گا۔
اس فلم کی کہانی مسٹری ناول لکھنے والے ہارلن تھرومبے کے خاندان کے گرد گھومتی ہے۔

ناول نگار کی 85 ویں سالگرہ کے لیے خاندان کے افراد اس کے گھر میں اکٹھے ہوئے تھے اور اگلی صبح ہارلن کی لاش کو دریافت کیا گیا جس کا گلا کٹا ہوا تھا۔
پولیس کا ماننا تھا کہ ہارلن نے خودکشی کی ہے مگر اس موقع پر ایک پرائیویٹ ڈیٹیکٹیو بینوٹ بلانک (ڈینئل کریگ) کو اس معاملے کی تحقیقات کا کہا جاتا ہے۔

تحقیقات کے دوران یہ معلوم ہوتا ہے کہ خاندان کے بیشتر افراد کے ساتھ ہارلن کے تعلقات اچھے نہیں تھے اور موت کے دن اس نے اپنے داماد کی بے وفائی سامنے لانے کی دھمکی دی تھی، بہو کا الاؤنس بند کیا تھا اور بیٹے کو پبلشنگ کمپنی سے نکال دیا تھا جبکہ نواسے کے ساتھ گرما گرمی بھی ہوئی تھی۔

پھر ہارلن کی نرس کا پراسرار کردار بھی سامنے آیا، جو جھوٹ بولتی ہے تو اسے الٹی آجاتی ہے، تحقیقات کے دوران سوالوں کے درست جواب تو دیتی ہے مگر وہ نامکمل ہوتے ہیں۔
اس سے آگے کی کہانی آپ خود دیکھ کر جان سکتے ہیں مگر یقین کریں کہ آغاز سے اختتام تک اسکرین سے نظریں ہٹانا مشکل ہوگا۔

فلم میں ہارلن کا جو گھر دکھایا گیا اس کا اندرونی حصہ 3 مختلف مقامات پر تیار کرکے وہاں شوٹنگ کی گئی ،اس کے باوجود لوگوں کو احساس نہیں ہوسکا کہ یہ کسی ایک جگہ کی عکسبندی نہیں۔

اس فلم میں ہارلن کی پینٹنگ شوٹنگ کے آغاز تک بھی تیار نہیں ہوسکی تھی جس وجہ سے پھر اس کا استعمال نہیں ہوا بلکہ گرین اسکرین کی مدد لی گئی۔

فلم میں ہارلن کے خاندان کے نام 1970 کی دہائی کے راک اسٹارز پر رکھے گئے تھے۔اس کے علاوہ فلم سے ہالی وڈ کا ایک بڑا راز بھی سامنے آیا کہ ایپل کمپنی کبھی بھی اپنے آئی فونز کسی ولن کے ہاتھوں میں دیکھنا پسند نہیں کرتی۔
ریان جونسن کے مطابق ایپل نے آئی فونز کے استعمال کی اجازت کے لیے یہ شرط رکھی تھی کہ ان ڈیوائسز کو ولن کے ہاتھوں میں نہیں دکھایا جائے گا۔
واضح رہے کہ ریان جونسن کے ذہن میں اس فلم کی کہانی 2005 سے تھی اور 2012 میں فلم لوپر کے بعد اسے فلمانے کا فیصلہ کیا گیا مگر اسٹار وارز دی لاسٹ جیڈائے کا حصہ بننے کی وجہ سے ایسا نہ ہوسکا۔انہوں نے 2017 میں فلم کا اسکرین پلے تحریر کیا اور 2019 میں اسے ریلیز کیا گیا۔