سابق خاتون اول کے کرپشن اسکینڈل نیب کوبھیجنے کی قرارداد اسمبلی میں جمع
لاہور(قدرت روزنامہ) سابق خاتون اول بشریٰ مانیکا کے کرپشن اسکینڈل نیب بھیجنے کی قرارداد اسمبلی میں جمع کرا دی گئی ہے، قرار داد میں مطالبہ کیا گیا کہ بشریٰ مانیکا کے کرپشن اسکینڈل کا کیس نیب کو بھیجا جائے، نیب بشریٰ مانیکا اور عمران خان کو انکوائری کیلئے طلب کرے۔جیو نیوز کے مطابق سابق خاتون اول بشریٰ مانیکا کے کرپشن اسکینڈل نیب بھیجنے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی گئی ہے، قرار داد میں وفاق سے بشریٰ مانیکا کے کرپشن کیسز نیب کو بھیجنے کا مطالبہ کیا گیا،قرارداد مسلم لیگ ن کی رکن اسمبلی حنا پرویز بٹ نے جمع کرائی۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ بشریٰ مانیکا نے خاتون اول ہونے کا ناجائز استعمال کیا، سابق خاتون اول کے کرپشن اسکینڈل کا کیس نیب کو بھیجا جائے۔
نیب کیسز کی انکوائری تیز کرے ، جبکہ بشریٰ مانیکا اور عمران خان کو انکوائری کیلئے طلب کیا جائے۔واضح رہے معروف ریل اسٹیٹ ٹائیکون ملک ریاض اور ان کی بیٹی کی سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ کو مبینہ طور پر ہیرے کے تحفے سے متعلق آڈیو لیک ہوئی ہے۔
سماء نیوز کے مطابق نئی لیک ہونے والی آڈیو میں ملک ریاض اور ان کی بیٹی عنبر مبینہ طور پر فرح خان سے ہونے والی بات چیت اور فرمائشوں سے متعلق تفصیلات کا ذکر کررہے ہیں ، آڈیو ٹیپ میں عنبر کو اپنے والد کے ساتھ کسی کام کے عوض ہیرے کی انگوٹھی کا ذکر کرتے ہوئے سنا جاسکتا ہے۔ سامنے آنے والی اس آڈیو میں عنبر اپنے والد ( ملک ریاض ) سے کہہ رہی ہیں کہ اس (فرح گوگی) کا فون آیا تھا اور وہ کہہ رہی ہے کہ انگوٹھی منگوالیں تو میں نے منگوالی ہے کیوں کہ اس نے کہا تھا ہفتے کو میری ملاقات ہے اس سے پہلے انتظام کرلیں۔
آڈیو ٹیپ میں ملک ریاض کو ان کی بیٹی نے کہا کہ اس نے کہا کہ خان صاحب کا فون آیا تھا ، صبح آپ کی سائیٹ کے تالے کھل جائیں گے ، جو رپورٹ جمع کرائی ہے ، خان صاحب نے کہا ہے میری گارنٹی ہے ختم کرادوں گا اور لیٹر بھی کل آپ کو مل جائے گا۔