ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم انتہائی گرم اور خشک رہنے کا امکان

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ملک کےبیشتر میدانی علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا ۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ بارہ گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان اور بالائی خیبرپختونخوا میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اس دوران پوٹھوہار ریجن میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صوبہ پنجاب اور سندھ کے بیشتر میدانی اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا جبکہ بعد دوپہرگرد آلود، تیزہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کرتے ہوئے بتایا تھا کہ رواں ہفتے ملک کے بیشتر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ اس لہر کے دوران سندھ میں درجہ حرارت 45 ڈگری سے زائد ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے ۔محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ کراچی میں ہیٹ ویو کا کوئی امکان نہیں ہے البتہ درجہ حرارت 2 سے 3 ڈگری بڑھنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون ہوائیں کراچی میں جون کے وسط میں داخل ہوسکتی ہیں جبکہ اس بار مون سون کے دوران معمول سے زائد بارشوں کا امکان ہے۔