کراچی سے کینیا جانے والی بچی کا پاسپورٹ جعلی، افغان خاندان زیرحراست

کراچی (قدرت روزنامہ)کینیا جانے والے خاندان کو ایف آئی اے امیگریشن کے عملے نے بچی کا افغانی پاسپورٹ جعلی ہونے پر کراچی جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے حراست میں لے لیا۔
جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن کی شفٹ بی کے انچارج اعجاز احمد خان کے مطابق ایک خاندان کے 4 ارکان عمران پویا، خاتمہ حیدری، عارتین باقری اور عطرین باقری افغانی پاسپورٹس پر ایئر عربیہ کے ذریعے کینیا جا رہے تھے۔

پاسپورٹ کنٹرول کاؤنٹر آفیسر ایف سی حمزہ نے امیگریشن کلیئرنس کے دوران ایک خاتون رکن عطرین باقری کا پاسپورٹ جعلی ہونے کا شبہ ظاہر کیا۔ مذکورہ مسافر کو اس کے پاسپورٹ کی مزید تصدیق اور پاسپورٹ کی جانچ پڑتال کے لیے گروپ انچارج اے ایس آئی ہدایت اللّہ کے پاس بھیج دیا۔

اعجاز احمد کے مطابق جانچ پڑتال پر پتہ چلا کہ بچی جعلی افغانی پاسپورٹ پر سفر کر رہی تھی چونکہ بچی کا پاسپورٹ جعلی پایا گیا اور وہ نابالغ ہے لہٰذا اس کے والدین کی درخواست پر انہوں نے اپنی امیگریشن کے ساتھ ساتھ اپنی طے شدہ فلائٹ بھی منسوخ کردی ہے اور خاندان کے تمام افراد کو مزید تصدیق اور ان کے خلاف ضروری قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے ہیومن ٹریفکنگ سیل کراچی بھیج دیا۔