شہباز نے بجلی گھروں کے پیسے اپنی شوبازی اشتہارات پر خرچ کردیے، عمران اسماعیل کا دعویٰ

کراچی (قدرت روزنامہ) سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ بجلی گھروں کی ادائیگی نہ ہونے کے باعث ہے، شہباز نے بجلی گھروں کے پیسوں کو اپنی شوبازی اشتہارات پر خرچ کردیے۔
تفصیلات کے مطابق سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ملک میں مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ کی صورتحال پر اپنے بیان میں کہا کہ ملک بھر میں جاری بدترین لوڈشیڈنگ حکومتی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔
عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ مختلف علاقوں میں 16 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے،شوباز حکومت کا عوام کو بجلی فراہم کرنے کا وعدہ وفا نہ ہوا،اناڑی وزیراعظم نے ملک بھر میں بجلی کا شاٹ فال ساڑے چھ ہزار میگاواٹ تک پہنچادیا۔سابق گورنر سندھ نے کہا کہ امپورٹڈ وزیراعظم کا لوڈ شیڈنگ پر نوٹس محض لطیفے کے کچھ نہیں، موجودہ حکومت سے وجوہات پوچھیں تو عجیب و غریب منطق پیش کرتے ہیں، غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے شہری، دیہاتی، صنعتیں، چھوٹے بڑے کارخانے شدید متاثر ہورہے ہیں۔
حکومے پر تنقید کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ امپورٹڈ اتحادی حکومت نے بجلی کی قیمتوں پر 5 بار پیسے بڑھائے، امپورٹڈ سرکار نے پہلے 27 پاور پلانٹ بند ہونے کا الزام لگایا، پھر جادو کی چھڑی کا استعمال کرکے 27 پاور پلانٹ فعال کرنے کا دعویٰ کیا۔عمران اسماعیل نے کہا کہ شہباز سچ بولیں لوڈ شیڈنگ کی وجہ بجلی گھروں کی ادائیگی نہ ہونے کے باعث ہے، شہباز نے بجلی گھروں کے پیسوں کو اپنی شوبازی اشتہارات پر خرچ کردیے۔
سابق گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں کئی صنعتیں حکومتی نااہلی کے باعث بند ہوچکی ہیں، ماضی میں بھی ن لیگ حکومت کی غلط حکمت عملی سے کئی سرمایہ کار ملک چھوڑ کر گئے، خدارا امپورٹڈ حکومت عوام کا مال کھانے کے بجائے عوام پر ترس کھائیں۔