ویکسین لگوانے کے باوجود کراچی پولیس کا افسر کورونا وائرس سے انتقال کرگیا
کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی میں کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے کے باوجود ایک پولیس افسر کا کورونا وائرس سے انتقال ہوگیا۔سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ملیر عرفان بہادر کے مطابق ضلع ملیر کے ملیر سٹی تھانے میں تعینات اے ایس آئی 50 سالہ سکندر شاہ کی 20 روز قبل طبیعت خراب ہوئی تھی، جس پر اس کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا گیا جو مثبت آیا۔کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے پر سکندر شاہ کو ایکسپو سینٹر کراچی کے عارضی کورونا اسپتال میں داخل کروادیا گیا تھا۔
عرفان بہادر کے مطابق متوفی دل کے عارضے میں بھی مبتلا تھے، کورونا وائرس آئسولیشن کے دوران ان کی طبیعت کافی خراب ہو گئی تھی اور وہ آج شام انتقال کر گئے۔متوفی ملیر سٹی کی جعفر طیار سوسائٹی میں رہائش پذیر تھے۔ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے مطابق متوفی سکندر شاہ نے کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین دونوں خوراکیں لگوا رکھی تھیں اور وہ مکمل طور پر ویکسینیٹڈ تھے۔