پاکستان

وزیر خارجہ کا سمندر میں بڑی مچھلیوں کی تعداد میں 90 فی صد کمی کا انکشاف

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیر خارجہ پاکستان بلاول بھٹو زرداری نے سمندروں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں سمندر میں بڑی مچھلیوں کی تعداد میں 90 فی صد کمی کا انکشاف کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج اقوام متحدہ کے تحت ورلڈ اوشینز ڈے منایا جا رہا ہے، پی پی پی چیئرمین اور ملک کے وزیرِ خارجہ بلاول نے اس دن کی مناسبت سے ایک اہم پیغام جاری کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ رپورٹس ہیں کہ سمندر میں بڑی مچھلیوں کی تعداد میں 90 فی صد کمی ہوئی ہے اور مونگے کی چٹانوں کی آبادی 50 فی صد تباہ ہو چکی ہے۔


بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سمندری کٹاؤ کی موجودہ شرح برقرار رہی تو 2050 تک سمندر ٹھٹھہ شہر تک پہنچ جانے کا خدشہ ہے، یہ صورت حال پاکستان سمیت عالمی برادری کے لیے انتہائی تشویش ناک ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا سمندر کرۂ ارض پر 50 فی صد آکسیجن پیدا کرتے ہیں، اور کاربن ڈائی آکسائڈ کا 30 فی صد جذب کرتے ہیں، اب سمندروں کے ڈیلٹائی علاقے تیزی سے ختم ہو رہے ہیں، ایک تحقیق کے مطابق انڈس ڈیلٹا کا 2.4 ملین ایکڑ رقبہ سمندر برد ہو چکا ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انسانی خود غرضی کی وجہ سے پیدا ہونے والے نقصانات سے سمندروں کو بچانے کے لیے عالمی برادری اور سمندری حیاتیات کے ماہرین مِل بیٹھیں۔
انھوں نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان بطور ایک ذمہ دار ملک اقوام متحدہ کی اس دن کی خصوصی تھیم ‘حیات نو: سمندر کے لیے اجتماعی اقدام’ کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔

متعلقہ خبریں