ہنی مون سے پہلے حج پر جاؤں گی: صبا قمر

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)جیو انٹرٹینمنٹ کی فلم ’گھبرانا نہیں ہے‘ کی ہیروئن صبا قمر نے انکشاف کیا ہے کہ وہ شادی کے بعد ہنی مون سے قبل حج پر جائیں گی۔صبا قمر نے اپنے حالیہ کئی انٹرویوز میں اپنی شادی سے متعلق گفتگو کی اور ایسا لگتا ہے کہ وہ رواں سال رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوجائیں گی۔
اب سوشل میڈیا پر صبا قمر کے ایک انٹرویو کا ویڈیو کلپ وائرل ہورہا ہے جس میں وہ شادی کے بعد اپنی پہلی خواہش کے بارے میں بتا رہی ہیں۔
صبا قمر نے کہا کہ ’شادی ضرور کروں گی، حج بھی کروں گی اور خوش رہوں گی۔‘اداکارہ نے مزید کہا کہ ’میری خواہش ہے کہ ہنی مون سے پہلے اپنے جیون ساتھی کے ساتھ حج کرنے جاؤں۔‘
واضح رہے کہ صبا قمر نے اپنے ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ وہ محبت کرتی ہیں لیکن اپنی چیزوں کو نجی رکھنا چاہتی ہیں کیونکہ ایک بار شادی کے اعلان کے بعد چیزیں منصوبہ بندی کے مطابق نہیں ہوئی تھیں۔
اپنے مثالی جیون ساتھی کی خوبیوں کا ذکر کرتے ہوئے، صبا قمر نے کہا تھا کہ اسے ہمدرد ہونا چاہیے، کوئی ایسا شخص جو میری عزت کرے اور مجھ سے محبت کرے اور مجموعی طور پر ایک اچھا انسان ہو۔