عامر لیاقت کی متھیرا کیساتھ آخری چیٹ وائرل ہوگئی

کراچی (قدرت روزنامہ)گزشتہ روز کراچی میں انتقال کر جانے والے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹرعامر لیاقت حسین کی متھیرا کیساتھ آخری چیٹ وائرل ہوگئی ہے۔متھیرا نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں اپنی اور عامر لیاقت کی انسٹا چیٹ کا اسکرین شاٹ شیئر کیا ہے۔
وائرل چیٹ میں متھیرا نے ڈاکٹر عامر لیاقت سے انٹرویو لینے کے بارے میں بات کی تھی۔
اس اسکرین شاٹ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عامر لیاقت نے اُن سے کہا تھا میں الگ سے ملنا چاہوں گا کہ کوئی مجھے سُن سکے اور پھر شاید ان احمقوں کو سمجھائے جو مجھے کبھی نہ سمجھ سکے۔

جس پر متھیرا نے کہا کہ سر، آپ پریشان نہیں ہوں، میں اور میری ٹیم یہ سب بہت اچھے سے سمجھتی ہے۔
متھیرا نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ عامر لیاقت کے انتقال کی خبر خوفناک اور افسوسناک ہے، میں ان سے انٹرویو کے لیے بات کر رہی تھی اور وہ ناقدین کی وجہ سے اداس تھے۔اُنہوں نے کہا کہ لوگوں نے عامر لیاقت کا اُس وقت مذاق اُڑایا کہ جب اُنہیں سب کی مدد کی ضرورت تھی، مشکل وقت میں عامر لیاقت کے ساتھ کوئی نہیں کھڑا ہوا لیکن سب نے مذاق اڑایا۔
متھیرا نے کہا کہ لوگ غلطی کرتے ہیں کیونکہ ہم انسان ہیں لیکن اس طرح کسی کو موت کے منہ میں نہ ڈالیں۔واضح رہے کہ عامر لیاقت حسین کے اچانک انتقال نے سوشل میڈیا صارفین سمیت شوبز شخصیات کو بھی افسردہ کردیا ہے۔
گزشتہ روز رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کراچی میں انتقال کر گئے۔ڈاکٹر عامر لیاقت کو تشویشناک حالت میں نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے معائنے کے بعد انتقال کی تصدیق کی۔ڈاکٹرز کے مطابق عامر لیاقت حسین کو جب اسپتال لایا گیا تو وہ انتقال کر چکے تھے۔
عامر لیاقت اپنے آبائی گھر خداداد کالونی میں موجود تھے جب گھر پر موجود ملازمین دروازہ کھول کر اندر گئے تو وہ بے ہوش حالت میں بستر پر موجود تھے جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔عامر لیاقت کے ڈرائیور جاوید نے 15 پر ان کی طبیعت کے حوالے سے اطلاع دی تھی۔
ملازم جاوید کے مطابق گزشتہ شب عامر لیاقت کے سینے میں درد تھا لیکن انہوں نے اسپتال جانے سے انکار کردیا تھا اور ان کے کمرے سے چیخنے کی آواز بھی سنائی دی تھی۔یاد رہے کہ عامرلیاقت حسین 5 جولائی 1971 کو پیدا ہوئے، وہ 2002 سے 2007 تک قومی اسمبلی کے ممبر رہے۔
عامرلیاقت حسین مشرف دور میں وزیرمملکت بھی رہے، 2018 میں وہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔عامر لیاقت حسین نے 3 شادیاں کیں، اُن کی ازدواج میں ڈاکٹر سیدہ بشریٰ اقبال، سیدہ طوبیٰ انور اور دانیہ ملک شامل ہیں جبکہ دو بچے دعا عامر اور احمد عامر ہیں۔